
کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں اپنے مالی حالات سے تنگ آکر اپنی 3 بیٹیوں اور بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو عدالت کی طرف سے بری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں اپنے مالی حالات سے تنگ آ کر اپنی 3 بیٹیوں اور بیوی کو قتل کرنے والے ملزم کو عدالت کی طرف سے بری کر دیا گیا ہے، واقعہ 2 سال قبل نومبر 2022ء میں پیش آیا تھا جہاں ملزم نے تیزدھار آلے سے انہیں قتل کیا۔
نومبر 2022ء میں ملیر شمسی سوسائٹی میں واقع ایک گھر سے 3 بچیوں اور ان کی والدہ کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ ملزم فواد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جس نے بیٹیوں اور بیوی کو قتل کرنے کے بعد اپنے گلے پر چھری چلائی تھی۔ ملزم فواد نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ اس نے قرض داروں اور مالی حالات سے تنگ آکر انتہائی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
پولیس کو ملزم فواد نے زخمی حالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بتائیں جس کے بعد مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں آج کیس کی سماعت کے بعد فریقین میں صلح نامے ہونے کے باعث ملزم فواد کو رہا کرنے کے بعد کیس نپٹا دیا۔
عدالت میں مقتولین کے ورثاء کی طرف سے صلح نامہ عدالت میں جمع کروایا گیا اور دیت لینے سے بھی منع کر دیا گیا، فریقین میں مقتولہ سائرہ کی بہن ثروت اور والدہ جبکہ ملزم فواد کی والدہ رخسانہ ودیگر شامل ہیں۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم اور ورثاء میں عدالت سے باہر صلح نامہ ہوا جس پر سرکاری وکیل نے بھی اعتراض نہیں اٹھایا اس لیے درخواست قبول کرتے ہوئے ملزم فواد کو بری کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ملزم فواد نے اپنے بیان میں 7 انویسٹرز کے نام بتائے تھے جن کے پیسوں سے وہ فوڈ انڈسٹری میں کاروبار کر رہا تھا اور سرمایہ کاروں کو منافع نہیں دے پا رہا تھا، انویسٹرز رقم کی واپسی کیلئے اس کے گھر چکر لگا رہے تھے۔ ملزم فواد نے اہلیہ اور بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد قرض واپسی کا تقاضا کرنے والے کو ویڈیو کال کر کے اپنے گلے پر چھری پھیری تھی اور پولیس کو موبائل فون پر بیان لکھ کر دینے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6judgentqatilchordiye.png