
چاہتی ہوں کہ دنیا بھر کے لوگ پاکستان کا دورہ کریں اور یہاں کے شاندار کھانوں سے لطف اندوز ہوں : ایریکا رابن
72 ویں مس یونیورس مقابلے 18 نومبر سے 2023ء سے شروع ہونے والے ہیں جس میں پہلی دفعہ پاکستانی دوشیزائیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ عالمی مقابلہ حسن "مس یونیورس 2023ء" میں پاکستان کی طرف سے نمائندگی کرنے کے لیے منتظمین کی طرف سے ماڈل ایریکا رابن کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ "مس یونیورسٹی پاکستان" ایریکا رابن نے 200 خواتین میں سے منتخب ہونے والی 4 دیگر فائنلسٹ کو شکست دی جس کے بعد انہیں "مس یونیورس پاکستان" کا تاج پہنایا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ "مس یونیورس پاکستان" کے مقابلے کا انعقاد دبئی کی ایک کمپنی کی طرف سے کیا گیا تھا جس نے رواں برس مارچ میں اس ایونٹ کے حقوق حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دبئی کی کمپنی کی طرف سے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے مس یونیورس پاکستان کو بین الاقوامی "مس یونیورس 2023ء" مقابلےمیں حصہ لینے کیلئے رواں سال نومبر میں ایل سلواڈور میں بھیجا جائے گا۔
مس یونیورس پاکستان منتخب ہونے والی ایریکا رابن کا تعلق کراچی سے ہے جن کے علاوہ ٹاپ 5 فائنلسٹ میں پنجاب سے 26 سالہ سبرینا وسیم، ریاست پنسلوانیا سے پاکستانی نژاد امریکی ملیکہ علوی، راولپنڈی کی جیسکا ولسن اور لاہور سے تعلق رکھنے والی حرام انعام بھی اس مقابلے میں شریک تھیں۔ مس یونیورس پاکستان مقابلے کی 5 فائنلسٹ نے مالدیپ میں ہونے والے فوٹوشوٹ میں حصہ لیا تھا۔
مس یونیورس پاکستان منتخب ہونے والی ایریکا رابن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں لکھا کہ: پاکستان کی پہلی مس یونیورس ہونے کا اعزاز میرے حصے میں آیا ہے اور میں چاہتی ہوں کہ اپنے ملک کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں اجاگر کروں۔
پاکستان کا کلچر بہت خوبصورت ہے جس پر میڈیا زیادہ بات نہیں کرتا، یہاں کے لوگ انتہائی مہربانی اور مہمان نواز ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ دنیا بھر کے لوگ پاکستان کا دورہ کریں اور یہاں کے شاندار کھانوں سے لطف اندوز ہوں اور ہمارے برف پوش پہاڑوں، سبزہ زاروں کے مناظر سے لطف اندوز ہوں۔
واضح رہے کہ 1952ء سے ہر سال منعقد ہونے والا "مس یونیورس" نامی عالمی مقابلہ حسن اس دفعہ ماہ نومبر میں ایل سلواڈور میں منعقد ہو گا جس میں مس یونیورس پاکستان کے علاوہ 90 سے زیادہ ملکوں کی دوشیزائیں مقابلہ جیتنے کے لیے حصہ لے رہی ہیں۔ دوسری طرف حکومت کی طرف سے عالمی مقابلہ حسن میں پاکستانی خواتین کی شرکت سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا تھا ۔
https://twitter.com/x/status/1701926582040875281
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3erciarbianamhsisisi.jpg