کراچی کے نجی بینک کا کروڑوں روپیہ لوٹنے والے 3 ملزم پشاور سے گرفتار

5.jpg

کراچی میں کچھ عرصہ قبل نجی سیکیورٹی کمپنی کا وین ڈرائیور بینک کے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لیکر فرار ہو گیا تھا۔ یہ چوری کراچی میں سال کی سب سے بڑی چوری تھی۔ اس واردات میں فرار ہونے والا ڈرائیور وین سمیت غائب ہو گیا تھا جوکہ بعد میں مسکین گلی سے ملی تھی۔ پولیس نے اب اس چوری کے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 10 اگست کو کراچی کے طارق روڈ سے نجی سیکیورٹی کمپنی کی گاڑی پر عملہ رقم لیکر نکلا تو آئی آئی چندریگر روڈ پر گارڈ کچھ رقم لیکر گاڑی سے باہر نکلے، جس کے بعد ڈرائیور وین لیکر فرار ہو گیا۔ اس وقت گاڑی میں 20 کروڑ 50 لاکھ روپے موجود تھے۔


پولیس نے تحقیقات اور تفتیش کے بعد پشاور سے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے جن کے نام سلمان، محمد ساجد اور امین ہیں۔ تمام ملزموں کا تعلق کراچی سے ہے۔ ملزموں کو پشاور کے تھانہ تہکال کی حدود سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزموں کے قبضے سے 70 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزموں نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اس پیسے سے اپنا کاروبار کرنا چاہتے تھے۔
 

Back
Top