
کراچی: کراچی کے نوجوان سے شادی کی دعویدار امریکی خاتون کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ خاتون کا بیٹا منظر عام پر آ گیا اور اس نے والدہ کی ذہنی صحت سے متعلق سنسنی خیز دعوے کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کے بیٹے جریمیا رابنسن نے اپنی والدہ کی پاکستان میں موجودگی پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ اس کی والدہ پاکستان میں ہیں اور شادی کا دعویٰ کر رہی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1885262925474201781
جریمیا رابنسن نے بتایا کہ اس کی والدہ ذہنی مریض ہیں اور ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہو چکی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کی والدہ صرف ایک شخص اور اس کے اہلخانہ سے ملاقات کے لیے پاکستان گئی تھیں اور انہیں دو ہفتے بعد واپس آنا تھا، لیکن وہ واپس نہیں آئیں۔
بیٹے کے مطابق اس نے اور اس کے بھائی نے اپنی والدہ کو واپس لانے کی پوری کوشش کی، یہاں تک کہ ان کی واپسی کے لیے ٹکٹ بھی خریدا، لیکن وہ پاکستان میں ہی رکنے پر مصر رہیں۔
ادھر، غیر ملکی ویب سائٹس پر اونیجا اینڈریو رابنسن کی گرفتاری کا ریکارڈ بھی موجود ہے، جس کے مطابق انہیں 2021 میں امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا کی چارلسٹن کاؤنٹی میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ریکارڈ کے مطابق، اونیجا پر وارننگ کے باوجود کسی اور کی پراپرٹی میں زبردستی گھسنے کا الزام تھا، جس کے نتیجے میں انہیں گرفتار کیا گیا اور 465 ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑا تھا۔