کرتار پور راہداری نے بچھڑے بہن بھائی کو 75 برس بعد ملوا دیا

kartarpur-coridor.jpg


کرتارپور راہداری کی بدولت 75 سال قبل تقسیم ہند کے موقع پر بچھڑنے والے بہن بھائی کی ملاقات ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری کے ذریعے بابااپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے گردوارے پر حاضری دینے کیلئے آنے والے81 سالہ مہندر کور نے اپنے 78 سالہ بھائی شیخ عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے، دونوں بہن بھائی75 سال قبل تقسیم ہند کے موقع پر بچھڑ گئے تھے۔

مہندر کور اپنے اہلخانہ کے ہمراہ بھارت سے کرتارپور آئیں جبکہ 78 سالہ شیخ عبدالعزیز پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر سے اپنی فیملی کے ہمراہ کرتارپور پہنچے تھے، دونوں بہن بھائیوں کے درمیان 75 سال بعد ہونے والی اس ملاقات میں شدید جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، دونوں بہن بھائی کافی دیر تک ایک دوسرے کے گلے لگ کر روتے رہے اور اپنے والدین کے انتقال پر گہرے دکھ کا بھی اظہار کرتے رہے۔

https://twitter.com/x/status/1659805332418461697
ان رقت آمیز مناظر کو دیکھتے ہوئے دونوں اہلخانہ کے افراد بھی رونے لگے،مہندر کور اپنے چھوٹے بھائی کو گلے لگاتی اور چومتی ہوئی دکھائی دیں، دونوں خاندانوں کے افراد نے بعد ازاں گردوارے کا دورہ کیا، ایک ساتھ کھانا کھایا اور تحائف کا تبادلہ کیا۔

شیخ عبدالعزیز نے اس موقع پر کہا کہ خاندان سے الگ ہونے کے بعد میں نے بہت تکالیف کا سامنا کیا، میں نے تقسیم کے بعد اپنے خاندان کے لوگوں کو ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی تاہم کوئی کامیابی نہیں ملی، کم عمری میں شادی ہوگئی مگر والدین ، بہن اور دیگر رشتہ دارو ں سے ملاقات کی خواہش ہمیشہ برقرار رہی جو آج کے جدید دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے پوری ہوگئی۔
مہندر کور نے اس ملاقات کے خواب کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرنےو الے کرتاپور راہداری منصوبے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس منصوبے کی وجہ سے 75 سال بعد دو بہن بھائی اکھٹے ہوسکے ہیں۔

تقسیم ہند کے موقع پر سردار ہربھجن کا خاندان بچھڑ گیا تھا، سردار ہر بھجن کا بیٹا شیخ عبدالعزیز کشمیر منتقل ہوگیا جبکہ مہندر کور بھارت میں ہی رہ گئی تھیں۔