کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہارنے والے متعدد افراد زہنی مریض،نشے کے عادی قرار

13kelelctricjdkjd.png

کے الیکٹرک حکام کی طرف سے سروس ایریا میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں جان سے ہاتھ دھونے والے متعدد شہریوں کو ذہنی مریض، نشے کا عادی اور چور قرار دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی طرف سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو سروس ایریا میں کرنٹ لگنے کے باعث جان سے ہاتھ دھونے والے 33 شہریوں کے معاملے پر جواب میں اموات کی تفصیلات جمع کروائی گئی ہیں جس میں کچھ شہریوں کو نامعلوم اور متعدد کو ذہنی مریض، نشے کا عادی اور چور قرار دے دیا گیاہے۔

کے الیکٹرک کی طرف سے نیپرا کو جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ دلدار نامی ذہنی مریض شخص 11 کے وی کے کھمبے پر چڑھ گیا اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا، کراچی کے علاقے ویسٹ ہارف میں کرنٹ لگنے کے باعث جان سے ہاتھ دھونے والا شہری نشہ کرنے کا عادی تھا جبکہ ایک شہری سب سٹیشن سے بجلی چوری کرنے کی کوشش میں کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔

کے الیکٹرک کی طرف سے نیپرا کو دی گئی تفصیلات کے مطابق کورنگی، لانڈھی، لیبر سکوائر، گلستان جوہر، بن قاسم، گلشن معمار، سائٹ ایریا، سپر ہائی، ملیر اور کراچی کے دیگر علاقوں میں نشہ کرنے کے عادی شہری کیبل چوری، بجلی چوری اور دیگر سامان چوری کرنے کی کوشش کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔


کے الیکٹرک کے مطابق کورنگی کے علاقے میں واقع سب سٹیشن سے بھی ایک لاش برآمد ہائی، پٹرولنگ کے دوران مائی کولاچی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق شہری کی لاش ملی جبکہ ایک نعش نالے سے برآمد ہوئی۔ نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کے زیرانتظام علاقوں میں 33 شہری پچھلے 2 سالوں میں جاں بحق ہوئے اور پچھلے مہینے شوکاز نوٹس پر کے الیکٹرک کا جواب مسترد کر کے 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیپرا نے جاں بحق 33 شہریوں میں سے محمد اسلم نامی ایک شہری کے اہل خانہ کو 35 لاکھ روپے ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے وارث کو ملازمت دینے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ اگست 2023ء میں شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر نیپرا کی طرف سے کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی شروع کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ کے الیکٹرک نیپرا قوانین پر عملدرآمد میں ناکام ہو گیا ہے۔
 

Back
Top