
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوینٹی کرکٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت میں بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آنے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت میں بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آنے کے معاملے پر ایف آئی اے نے ایک خاتون سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ کے تین ملازموں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کے ماتحت کام کرنے والی ایک خاتون کے علاوہ بورڈ کے 2 ملازمین کو فیڈرل انویسٹی گیشن آفس میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی طرف سے ٹکٹوں کی فروخت کرنے والی پرائیویٹ کمپنیوں اور پاکستان کرکٹ بورڈکے درمیان معاہدوں کی بھی چھان بین کا آغاز کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق کرکٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کی مد میں جاری ہونے والے چیکوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ دن پہلے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی ٹوینٹی میچ کے اعزازی ٹکٹ فروخت کرنے والے ذوالفقار احمد نامی شخص کو بھی کڈنی سینٹر کے سامنے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ اعزازی ٹکٹوں کی فروخت کرنے والا ملزم ذوالفقار احمد کامرس منسٹری میں ملازم ہے جس کے خلاف ڈی ایف سی عاطف کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزم نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس نے اعزازی ٹکٹس کامرس منسٹری کے کوٹے سے حاصل کیے تھے، مقدمہ کے متن میں بتایا گیا تھا کہ وہ ایک اعزازی ٹکٹ 1 ہزار روپے میں فروخت کر رہا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/fiaahi11h1h.jpg