
کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس کی سپلائی معطل ہو گئی۔ واقعے کے نتیجے میں نہ صرف شہری زندگی متاثر ہوئی بلکہ علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ بروری تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں ایک پل کے نیچے سے گزرنے والی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کے بعد پائپ لائن میں لگی آگ نے بڑے شعلوں کی شکل اختیار کر لی۔
فوری طور پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا۔ دو فائر ٹینڈرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ایس ایچ او بروری محمود خروٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ ہے اور گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے تباہ کیا گیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ مغربی بائی پاس پر موجود 18 انچ قطر کی مین گیس سپلائی لائن دھماکے کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا، ہرمزئی، پشین، اور کوئٹہ کے علاقے بشمول ایئرپورٹ روڈ، نواکلی، جناح ٹاؤن، خائزی، اے ون سٹی، اور ہزار گنجی شامل ہیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے بتایا کہ متاثرہ لائن کی مرمت کے لیے انتظامیہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ مرمتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور صارفین کو اس حوالے سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔ حکام نے اس پریشانی پر صارفین سے معذرت کا اظہار کیا ہے۔
گیس کی فراہمی معطل ہونے سے سرد موسم میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گھریلو صارفین، ہوٹل مالکان، اور دیگر کاروبار گیس کی بندش سے متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ متبادل ایندھن کے حصول میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4gasullitbah.png