مولانا فضل الرحمان کا پی ٹی آئی کو پاکستان کی سیاست سے باہر کرنے کا عزم
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کو پاکستان کی سیاست سے باہر کر دیں گے،پی ٹی آئی نے نئی نسل کو گالیوں کے علاوہ کوئی درس نہیں دیا اور ہم اس جماعت کو پاکستان کی سیاست سے باہر کر دیں گے کیونکہ عمران خان نے ہماری نسل کی اخلاقیات کو ختم کر دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ جلد سنائے،فارن فنڈنگ میں پی ٹی آئی نے اسرائیل اورہندوستان سے پیسے لیے،عمران خان ہر ایک کو چور کہتا ہے مگر پنجاب کو ایک ڈاکو کے حوالے کیا، ہم پورے ملک میں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما افتخار مہمند جمیعت علمائے اسلام میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم افتخار مہمند اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں، عمران خان نے امریکا، این جی اوز اور اداروں کی سپورٹ پر سیاست کی ہے، پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔
ولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ آپ کا گھر بھی امریکی قونصلیٹ سے چلا اور بنا، اپنی سیاست کی فکر کرو، ہم نے تمہاری حکومت کو زمین بوس کردیا، اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا تھا کہ اگر قانون میں کہیں سقم ہے تو اس پر قانون سازی ہونی چاہیے، اسپیکر قومی اسمبلی کو کہا ہے تحقیقات کرکے استعفوں کو قبول کریں، یہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے وہ کب استعفے منظور کرتے ہیں۔