شیراکوٹ کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی کے نتیجے میں پولیس انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم عدیل نے تلخ کلامی پر طیش میں آکر فائرنگ کی اور انسپکٹر کو قتل کر دیا۔ ڈولفن ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا اور شیراکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔
ترجمان ڈولفن فورس نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سن کر ٹیم موقع پر پہنچی اور ملزم عدیل کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1881666884661391705
ملزم عدیل کے مطابق روز ماں بہن کی گالیاں دیتا تھا۔ تنگ آکر اسی انسپکٹر کے پسٹل سے اسے قتل کیا۔اس نے ہمارا جینا حرام کیا ہوا تھا۔
ملزم عدیل موٹر مکینک ہے جہاں مقتول انسپکٹر رہتا تھا یہ وہی دوکان پر کام کرتا تھا، اسکے مطابق اس نے انسپکٹر کے پستول سے ہی اسے قتل کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران جائے وقوعہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ معمولی تلخ کلامی کے نتیجے میں پیش آیا۔ ملزم عدیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے قانون پر عمل درآمد کی کوشش کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ ان کے خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے اور لاہور پولیس ان کے غم میں شریک ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس ہمیشہ فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈالتی ہے۔ لاہور پولیس اپنے شہید افسران کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور فرض کی راہ میں قربانی دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
انسپکٹر سیف اللہ نیازی بابو صابو چیک پوسٹ کے انچارج کے طور پر تعینات تھے۔