گزشتہ مالی سال گاڑیوں کی فروخت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

14carfrokht.jpg

گزشتہ مالی سال 2021-22 کے دوران گاڑیوں کی فروخت نے تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مالی سال 2021-22 کے دوران گاڑیوں کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے، اس سال کے دوران2 لاکھ79 ہزار 700 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سال جتنی گاڑیاں فروخت ہوئی ہیں ماضی میں کبھی کسی ایک سال کے دوران اتنی گاڑیاں نہیں بکی، رواں مالی سال گاڑیوں کی فروخت کا یہ نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔

پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کےآخری مہینے میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کا رجحان برقرار رہا اورایک مہینے میں28ہزار500 گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی، یہ شرح مئی 2022کے مہینے سے107 فیصد جبکہ جون 2021 کے مقابلے میں24 فیصد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ مالی سال 2022 کے مقابلے میں مالی سال 2021میں مجموعی طور پر ایک لاکھ81 ہزار400 گاڑیاں فروخت ہوئیں تھیں ۔