
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے بہتر نتائج کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اہم مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی سابق کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر کے پاکستان کرکٹ پر تنقیدی تبصرے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان صحیح کھلاڑیوں کا انتخاب کرے اور کرکٹ کی ترقی کے لیے وقت دے تو کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔
سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم اتنی کمزور ہے کہ شاید انہیں بھارت کی بی ٹیم کو ہرانے میں بھی مشکل ہو۔ اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جیسن گلیسپی نے گواسکر کی رائے کو "بکواس" قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ صحیح کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے اور انہیں وقت اور موقع دیا جائے۔
https://twitter.com/x/status/1897932927423431059
جیسن گلیسپی نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، لیکن مسائل سلیکشن اور پلیئرز کی ترقی کے نظام میں موجود ہیں۔ انہوں نے پی سی بی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ صحیح کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے اور ان پر اعتماد کیا جائے، نئے ٹیلنٹ کے ساتھ صبر اور مستقل مزاجی کے ساتھ کام کیا جائے، کوچز کو تسلسل کے ساتھ موقع دیا جائے تاکہ ٹیم کے نتائج بہتر ہو سکیں، اور سلیکشن کے عمل میں مکمل میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔
اس سے قبل بھی جیسن گلیسپی نے پاکستان کرکٹ کے حوالے سے ایک متنازعہ بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے پاکستان کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید نے ہیڈ کوچ بننے کے لیے میری اور گیری کرسٹن کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔