
قومی کرکٹ ٹیم کل جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہو گی، میچ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے انتہائی اہم
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء میں پے درپے 3 شکستوں کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹورنامنٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے لگے۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمت نہیں ہارنی، کندھوں کے ساتھ کندھے ملا کر چلیں گے تو اس ورلڈکپ میں دوبارہ سے کھڑے ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل یوٹیوب چینل سے ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
پی سی بی کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کے کل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے لیے نیٹ پریکٹس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کپتان قومی کرکٹ ٹیم پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو حوصلہ بڑھاتے رہے۔
بابر اعظم نے ساتھی کھلاڑیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ " پہلے بھی ایسے کئی دفعہ ہو چکا ہے کہ ہم ہار کر پھر سے اوپر اٹھے ہیں لیکن جب بھی نیچے سے اٹھتے ہیں تو پھر سیدھا ٹاپ پوزیشن پر جاتے ہیں، سب کو وہ وقت یاد رکھنا چاہیے! بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے تو ہمارے لیے آئندہ کے میچز آسان ہوتے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کئی دفعہ ہم ایسا کر چکے ہیں اور کم بیک کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ایسا کر سکتے ہیں جس کے لیے آپ لوگوں کو اپنی ہمت مجتمع کرنی ہو گی۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کو کل جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کھیلنا ہے جو ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے انتہائی اہم میچ ہے۔ میچ ہارنے کی صورت میں قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے چانسز تقریباً ختم ہو جائیں گے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم کو اس وقت اس بڑے ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم قرار دیا جا رہا ہے جس سے مقابلہ کرنے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم اپنی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ مورنے مورکل اور بیٹنگ کوچ اینڈروپیوٹک جنوبی افریقہ کی طرف سے کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15باباببزجاجھسھ.png