
ہنگو میں ایک شہری نے انسان دوستی کی مثال قائم کر دی اور اپنے بیٹے کے ولیمے کا خرچہ سیلاب زدگان کے نام کرتے ہوئے ریلیف کیمپ میں عطیہ کر دیا۔
خیبرپختونخوا کے شہر ہنگو میں ایک شخص سلیمان نے انسانیت دوستی کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے بیٹے کا ولیمہ منسوخ کر دیا اور تقریب کیلیے مختص 3 لاکھ روپے سیلاب زدگان کے کیمپ میں عطیہ کر دیے۔
اس حوالے سے سلیمان قریشی کا کہنا ہے کہ 3 دن بعد اس کے بیٹے کا ولیمہ ہے لیکن اس وقت اہم مصیبت میں گھرے اپنے سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہے اسی جذبے کے تحت میں نے بیٹے کا ولیمہ کرنے کے بجائے پریشان حال پاکستانیوں کی امداد بہتر سمجھی۔
یاد رہے کہ پاکستان اس وقت سیلاب سے پیدا ہونے والی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
گزشتہ دو ماہ سے جاری طوفانی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں ہزار سے زائد افراد جاں بحق، ہزاروں گھر تباہ اور لاکھوں عوام بے گھر ہوکر کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
حکومت سمیت پاک فوج سیلاب زدگان کی مدد کیلیے ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ مصیبت کی اس گھڑی میں فلاحی تنظیموں کے ساتھ عوام بھی اپنے پریشان حال بھائی بہنوں کی مدد کیلیے بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی دنیا سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے اپیل کی ہے جس کے بعد یورپی یونین سمیت مختلف ممالک سے امداد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔