یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تلخ کلامی کے بعد معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات میں تلخی پیدا ہو گئی تھی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تکرار بھی ہوئی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے صدر زیلنسکی سے کہا کہ "آپ کا ملک جنگ نہیں جیت رہا، آپ ہماری وجہ سے اس جنگ سے صحیح سلامت نکل سکتے ہیں، اگر آپ کی فوج کے پاس ہمارا دیا ہوا عسکری ساز و سامان نہ ہوتا تو یہ جنگ دو ہفتوں میں ختم ہو جاتی۔" اس دوران یوکرینی صدر نے متعدد بار امریکی صدر کی بات کا جواب دینے کی کوشش کی، مگر ٹرمپ نے انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی گئی۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس سے روانگی کے وقت یوکرینی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ سے تلخ کلامی پر معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا، "آج وائٹ ہاؤس میں جو کچھ ہوا وہ مناسب نہیں تھا، اور اگر ممکن بھی ہو تو میں دوبارہ وائٹ ہاؤس نہیں جاؤں گا۔"