Wake up Pak
(50k+ posts) بابائے فورم
“کیا حال ہیں ارشد بھائ؟” ایک سال ہوگیا یہ سوال پوچھے، کان ترس گئے ہیں آپ کا “الحمد للہ” سننے کو۔ کبھی کبھی سوچتا ہوں کتنی ہمت جمع کرکے بولتے ہونگے یہ لفظ آپ۔۔آپ کے حال تو اچھے ہی ہوگئے ارشد بھائ، سنا ہے آج دن تک قبر پہ پھول سوکھے نہیں ہیں۔ جب دنیا والوں نے مرقد آباد رکھا ہے تو خالق نے کتنا شاد رکھا ہوگا۔۔ ایک سال پہلے تک سوچا ہی نہیں تھا کسی دن آپ کی قبر کا تذکرہ بھی کرنا پڑیگا۔ لیکن دیکھیں اس ایک سال میں کیا کیا سہہ گئے ہم۔۔ سہہ تو گئے ارشد بھائ لیکن کچھ پہلے سا نہیں رہا۔ آپ چلے گئے تو لگا ہاتھ خالی ہوگئے۔ کتنے دن تو زندگی کی سمجھ ہی نہیں آئ۔ ان سالوں میں کتنے قدم تھے جن کی ہمت آپ کی تھپکی نے دی تھی۔ کتنے بند رستے تھے کہ جن پہ روزن آپ کی فراست نے کھولے تھے۔۔اور اب ایک گھپ اندھیرا تھا اور میں اس کی تاریکی میں کھڑا ایک خوف زدہ بچہ۔ آپ کے بعد زندگی ایسی ہی ہوگئی ہے۔ گھپ اندھیروں میں ڈھونڈ ڈھانڈ کے ہمت کھوج کے لاتے ہیں کہ بھرم بھی رکھنا ہے اپنے کاندھے پہ رکھے اس ہاتھ کا جو اپنے سینے پہ رکھ کے آپ اس مٹی کی عظمت کی قسم کھاتے تھے۔. آپ کے بعد تو آپ کی دھرتی بھی رُل گئی ہے ارشد بھائ! وہ ایک شخص جس سے ہم نے امید باندھی وہ لڑ رہا ہے اور کیا خوب لڑ رہا ہے۔ ہمارے یقین کا مان رکھ لیا ہے۔ ۷۶ سال بعد کسی نے اس قوم کے یقین کا مان رکھ لیا ہے ارشد بھائ مگر جن جن چہروں سے نقاب اترے ہیں اور جو جو شکلیں آشکار ہوئی ہیں۔۔ سوچتا ہوں آپ ہوتے تو۔۔بہت سی خاموشیاں تھیں زندگی میں جو آپ کے ساتھ کھڑے ہوکر بولتی تھیں۔ آپ کے بعد بہت سے دن گزارنے پڑے ان خاموشیوں کے پہلو میں۔ آپ نے سب اکیلے جھیل لیں؟اس دن مجھے رہ رہ کر آپ کا خیال آتا رہا، اتنے عرصے میں بس وہی ایک دن تھا جو آپ سے بات کیے بغیر گزر گیا تھا۔ روز سوچتا ہوں بات ہوئ ہوتی تو کیا کہتے آپ؟ کچھ تو کہہ جاتے۔۔روز سوچتا ہوں کاش آپ سے ضد کی ہوتی۔ کتنا کہا تھا سب نے وقت سے کوئ تو ویزہ لگوالیں۔ کسی اور جگہ ہوتے تو شاید یہ سب نا ہوتا۔۔ باقی سب بھی تو ہیں۔۔ دربدر سہی نسبتاً محفوظ تو ہیں۔ روز سوچتا ہوں منت کرلیتا۔۔ اتنا مان تو رکھ ہی لیتے میرا۔۔ روز سوچتا ہوں کاش آپ کو اپنی آواز اپنی زندگی سے زیادہ نا پیاری ہوتی تو شاید آپ ٹہر بھی جاتے، کاش میں ہی اَڑ جاتا۔ جو ہوتا، ساتھ ہوتا۔ دیکھی جاتی۔ پھر سوچتا ہوں میں سوچتا کیوں ہوں۔۔آپ کی قبر پر ایک ماں اپنے بچے لے کر گئ تھی۔ انہیں قبرستان کی سب قبریں دکھائیں۔ پھر آپ کی قبر دکھائ؛ روشن، معطر۔۔اِک زمانہ زمانے کو زندگی گزارنے کے گُر سکھاتا ہے۔ارشد بھائ! آپ کو دیکھ کر مائیں بچوں کو مرنا سکھاتی ہیں!!!
https://twitter.com/x/status/1715866045477507336
https://twitter.com/x/status/1715866045477507336
- Featured Thumbs
- https://i.brecorder.com/primary/2022/10/6359c00504702.jpg
Last edited: