جائیداد کا تنازع، بھائی نے بھائی کو ٹریکٹر سے کچل دیا

14bhahtoroorkskjsj.png

دونوں بھائیوں دامودر اور نرپت کے مابین کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا: پولیس

جائیداد کے تنازع پر بھائی کا خون سفید ہو گیا اور اپنے ہی بھائی کو ٹریکٹر تلے کچل کر مار ڈالا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی ریاست راجستھان کے ضلع بھرت پور میں جائیداد کے تنازع پر ایک بھائی نے اپنے ہی بھائی کو ٹریکٹر کے نیچے کچل کر مار دیا۔ مقامی افراد معاملے میں مداخلت کرنے کے بجائے ہولناک واقعے کی ویڈیو بناتے رہے جو اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ واقعے کے بعد راجستھان حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوم پرکاش کلانیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹر تلے کچلے جانے والے شخص کی شناخت 30 سالہ نرپت کے نام سے ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر اس کے سگے بھائی دامودر گجر نے ہی قتل کیا ہے۔ ٹریکٹر پر سوار متوفی نرپت گجر کا بھائی دامودر گجر ہی لگتا ہے جس نے اپنے بھائی پر ٹریکٹر چڑھا دیا۔

پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں دامودر اور نرپت کے مابین کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا، 3 دن پہلے بھی دونوں میں شدید لڑائی ہوئی تھی۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان آج پھر لڑائی ہوئی اور ایک بھائی نے دوسرے کو ٹریکٹر کے نیچے دے کر کچل ڈالا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دامودر اور نرپت کے رشتہ دار پیدل چلنے والے راستے پر ایک دوسرے سے تصادم ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہولناک واقعے میں کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، اب تک 6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور باقی ملزمان کی تلاش کر رہے ہیں۔ واقعہ کے بعد راجستھان حکومت کو اپوزیشن اور شہریوں کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


بی جے پی ترجمان سمبٹ پاترا نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کانگریس کے زیراقتدار ریاستوں میں یہی صورتحال ہے، پریانکا گاندھی کو بھرت پورہ کا دورہ کرنا چاہیے۔

پریانکا کو واقعے میں نااہلی دکھانے والے پولیس افسران، ڈی ایم اور ایس پی کو معطل کر کے دکھانا چاہیے کہ وہ صرف نعرے بازی اور تقریریں ہی نہیں کر سکتیں۔

بی جے پی رہنما گجیندر سنگھ شیخاوت نے دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیتے ہوئے کانگریسی قیادت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ پولیس کے نوٹس میں ہونے پر سوال اٹھنا فطری بات ہے۔ واضح رہے کہ بھرت پور میں ہونے والا یہ واقعہ دامور اور نرپت کے اہل خانہ کے مابین پرتشدد تصادم کے صرف 4 دنوں بعد پیش آیا ہے جس میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔