فرینڈز سیریز کے اداکار میتھیو پیری گھر میں مردہ پائے گئے

3matheperrysjjs.png

مشہورِ زمانہ امریکی ٹیلی ویژن سیریز “فرینڈز” میں “چاندلر بنگ” کا کردار ادا کرنے والے اداکار میتھیو پیری 54 برس کی عُمر میں چل بسے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اداکار میتھیو پیری گزشتہ روز لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر واش روم کے ٹب میں مردہ حالت میں پائے گئے، تاہم اداکار کی اچانک موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا میتھیو پیری اپنی موت سے دو گھنٹے قبل ہی پیکل بال کھیل کر اپنے گھر واپس آئے تھے جس کے بعد اداکار نے اپنے اسسٹنٹ کو کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر بھیج دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اداکار کی لاش گھر میں گرم پانی کے ٹب سے ملی، انہیں بے ہوشی کی حالت میں پا کر ریسکیو اداروں کو مدد کے لیے طلب کیا گیا تھا۔



غیرملکی میڈیا کے مطابق میتھیو پیری کو آخری سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک بڑے گرم پانی کے ٹب میں پُرسکون انداز میں بیٹھا دیکھا گیا تھا,رپورٹس کے مطابق امریکی اداکار نے اپنی یہ تصویر 23 اکتوبر کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لگائی تھی اور اب 6 دن بعد گھر کے گرم پانی کے ٹب میں ہی ان کی موت ہوگئی۔

میتھیو پیری نے ٹیلی ویژن سیریز “فرینڈز” میں “چاندلر بنگ” کے اپنے مشہور کردار سے دُنیا بھر میں شہرت حاصل کی تھی، یہ سیریز 1994 میں شروع ہوئی جبکہ اس کا آخری سیزن 2004 میں نشر کیا گیا تھا۔

اس سیریز نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی اور درجنوں ایوارڈز بھی اپنے نام کیے جبکہ اس “فرینڈز” کے تمام اداکاروں کو بھی سیریز میں اپنے کرداروں کی وجہ سے ہی شہرت ملی۔

سیریز “فرینڈز” کی کہانی چھ دوستوں روس، مونیکا، چاندلر، فیبی، ریچل اور جوئی کے گِرد گھومتی ہے، سیریز میں مونیکا اور روس بہن بھائی تھے، ریچل مونیکا کے کالج کی سہیلی تھی جبکہ چاندلر اور روس روم میٹ تھے اور فیبی مونیکا کی روم میٹ رہ چکی تھی۔