خبریں

شہباز حکومت نے 2025 تک 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے آئی ٹی پارکس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے فروغ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور سٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤ س اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آئی ٹی کے فروغ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے وزیراعظم نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت بھی کی,اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے آئی ٹی پارکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں اسٹارٹ اپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی میں جنوبی کوریا کے تعاون سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 2027 تک مکمل ہوگا,اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ملک کے 29 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے گئے ہیں، 2025 میں ملک بھر میں 100 نئے ای روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائیں گے۔
پاکستانیوں کی ماہانہ فی کس آمدن میں 7 ہزار 544 روپے تک اضافہ ہوا ہے, سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستانیوں کی فی کس آمدنی اور ملک کی معیشت کے حجم میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال ملکی معیشت کے حجم میں صرف 34 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ ملکی معیشت کا حجم 341 ارب ڈالر سے بڑھ کر 375 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ پاکستانیوں کی ماہانہ فی کس آمدن 7 ہزار 544 روپے تک بڑھ گئی۔رواں مالی سال فی کس سالانہ آمدن میں 90 ہزار 534 روپے اضافہ ریکارڈ ہوا اور سالانہ فی کس آمدن 4 لاکھ 75 ہزار 281 روپے رہی۔ گزشتہ مالی سال فی کس سالانہ آمدن 3 لاکھ 84 ہزار 747 روپے تھی۔ دستاویز کے مطابق ڈالرز میں فی کس سالانہ آمدن میں بھی 129 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال ڈالر ٹرم میں فی کس آمدنی 1551 ڈالر تھی۔ملکی معیشت کے حجم میں مقامی کرنسی میں 22 ہزار 170 ارب روپے اضافہ ہوا۔ حجم میں نمایاں اضافے کی وجوہات میں ڈبل ڈیجٹ میں مہنگائی شامل ہے۔معیشت کا مجموعی حجم 106 ہزار 45 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان نے برطانیہ سے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا, مطلوب دہشت گرد تنظیم کا سرغنہ رہا ہے ملزم برطانیہ میں مفرورہے جس پرسابق وزیر داخلہ پنجاب مرحوم کرنل شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کی پلاننگ کا الزام ہے,وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد ملزم مسعود الحق سیکھوی کی حوالگی کا مطالبہ کیاہے,مبینہ طور پرمسعود الحق کے داماد بھی شجاع خانزادہ پر حملے میں ملوث تھا۔ حکام کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے ایک ملزم کوگرفتار کیا تھا جنکی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا تھا کہ ملزم نے حمزہ شبیر عرف حافظ اور قاری سہیل کو پناہ دی تھی جنہوں نے اپنے سسر مسعود الحق سیکھوی کی ہدایت پر کرنل شجاع خانزادہ شہید پر خودکش حملہ کیا تھا۔ مسعودالحق کا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی سے تھا، سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملزم مسعودالحق مفرور، انٹرپول کی ریڈ لسٹ اور یو کے میں مقیم ہے، وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پاکستانی شہریت کے تین ملزمان کی حوالگی کے حوالے سے حکومت پاکستان اور حکومت برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی منظوری دی تھی۔ ملزم پر الزام ہے انکے داماد کے گھر اور مدرسے کو دہشت گردوں کی سہولت کاری، خودکش جیکٹ بنانے اور دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، ملزم مدرسہ ابراہیمیہ سیخ کا مہتمم تھا۔شجاع خانزادہ کے کیس میں ملزم کے سسر مسعود الحق سیکھوی اور بہنوئی ابراہیم سیکھوی، دونوں اشتہاری ملزم اور پاکستان کو انتہائی مطلوب ہیں، اس وقت برطانیہ میں مقیم تھے۔ وفاقی کابینہ نےدو اورمفرور ملزمان مظہررشید اور عدنان رشید بھی واپس پاکستان لانے کیلیے درخواست کردی گئی ہے، وزارت داخلہ نے اس پیش رفت کی ہم نیوز کو تصدیق کردی,ملزمان کی حوالگی کیلیے حکومت برطانیہ کو خطوط بھی لکھے گئے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد مفرور ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان خیبرپختونخوا میں بشام کے مقام پر دہشت گردانہ حملے میں ہلاک 5 چینی شہریوں کے ورثا کو تقریباً 70 کروڑ معاوضہ ادا کرے گا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ بیجنگ کا دورہ کریں گے اور وہ ہر شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے لیے پرامید ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بشام واقعے کے چینی متاثرین کو فوری طور پر معاوضے کی ادائیگی کی جائے۔ چینی حکومت نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے اپنے شہریوں کو لے جانے والی بس پر مہلک دہشت گردانہ حملے کی مکمل تحقیقات اور ہلاکت خیز حملے کے بعد اپنے شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی تھی اور چین سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ حکومت نے26 مارچ 2024ء کو دہشت گرد حملے میں ہلاک چینی باشندوں کےلیے 25لاکھ 80ہزار ڈالرز زرتلافی کا اعلان کیا داسو ڈیم کے 6چینی کارکن ہلاک ہوئے تھے، جاں بحق پاکستانی کےلیے 25لاکھ روپےکی سفارش کی ہے کا بینہ ڈویژن کے ایک سینئرافسر کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی اپنے آئندہ اجلاس میں اس پیکج کی منظوری دے گی ۔ ہلاک چینی کارکنوں کا تعلق داسو ہائیڈرو پاور پر وجیکٹ سے تھا ۔ جو ورلڈ بینک کے تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ جس کے مکمل ہونے4320میگا واٹ بجلی کی پیدوار متوقع ہے ۔ لیکن بد قسمتی سے یہ پر وجیکٹ دوبارہ دہشت گردحملوں سے متاثر ہوا ۔ پہلا دہشت گرد حملہ 14جولائی 2021ء کو ہوا تھا,10چینی ہلاک اور20زخمی ہوئے تھے ۔ جبکہ رواں سال دوسرے حملے میں6چینی اور ایک پاکستانی جان سے گئے.
بلوچستان کے شہر حب میں گڈزٹرانسپورٹرز نے قومی شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹ پر اپنے ساتھ ہونے والے ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گڈزٹرانسپورٹرز اتحاد بلوچستان نے قومی شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹوں پر اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرزنے حب شہر میں سینکڑوں گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاج کرتے ہوئے کل سے مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز نے شاہراہوں پر قائم کی گئی چیک پوسٹوں کی بھرمار کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حب شہر میں قائم چیک پوسٹ کے پاس بھوانی کے مقام پر سینکڑوں گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاجی ریلی میں شریک ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر چیک پوسٹوں کی بھرمار ہو چکی ہے جہاں پر فورسز کے اہلکاروں نے ہمارا جینا حرام کر رکھا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق فورسز کے اہلکاروں کو رشوت نہ دی جائے تو وہ ہماری گاڑیوں کو گھنٹوں گھنٹوں تک بلاوجہ ان چیک پوسٹوں پر کھڑا رکھتے ہیں اور نذرانہ دیئے بغیر جان نہیں چھوٹتی۔ ہمارے مطالبات کو منظور نہ کیا گیا تو اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء ودیگر سامان کی ترسیل بند کر دی جائے گی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے دکی سے کوئلہ پنجاب لے کر جانے والے ٹرکوں پر نامعلوم افراد نے سنجاوی پاسرہ تنگی کے علاقے میں فائرنگ کر دی جس میں ڈرائیور جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مسلح افراد نے متعدد ٹرکوں کو نذرآتش کر دیا تاہم کسی گروپ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، واقعے کے بعد باقی ٹرکوں کی نقل وحمل کو روک دیا گیا۔
آج کے دور میں جہاں سوشل میڈیا صارفین کو ہر روز نئی معلومات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے ایسے میں کچھ لوگ اسے افواہیں پھیلانے کے لیے بھی استعمال کرنے سے باز نہیں آتے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک افواہ زیرگردش ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی طرف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے 42 سال سے کم عمر کے تنہا سفر کرنے والے مردوں کو ویزا دینے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پاکستانی شہری جو متحدہ عرب امارات میں سفر کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اس دعوے کے بعد تشویش میں مبتلا ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ٹویٹ کیا تھا کہ دبئی کی طرف سے 42 سال سے کم عمر کے تنہا سفر کرنے والے مردوں کو ویزا دینے پر پابندی لگا دی گئی لیکن اس کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا تاہم ٹریول انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کچھ مقامی لوگوں نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ سوشل میڈیاپر یہ ٹویٹ بہت تیزی سے وائرل ہونے لگی جس کے بعد صارفین کی طرف سے دبئی میں ویزا پابندیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع کر دی گئیں۔ تحقیقات کرنے کے بعد انکشاف ہوا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ٹویٹ افواہ ہے، دبئی کی طرف سے ایسی کسی پابندی کا اعلان نہیں ہوا اور نہ ہی پاکستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ویزے جاری کرنا بند کیے گئے ہیں۔ دبئی کی طرف سے 42 برس سے کم عمر کے پاکستانی شہریوں کے لیے ورک یا وزٹ ویزے پر پابندی کی یہ خبر افواہ ثابت ہوئی ہے اور یہ پہلا ایسا واقعہ نہیں ہے جس میں اس حوالے سے افواہ پھیلائی گئی ہو۔ پچھلے سال بھی ایسی ہی افواہ پھیلا کر دعویٰ کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو وزٹ ویزا دینے پر پابندی لگا دی ہے۔ پاکستان دفتر خارجہ کی طرف سے بھی ان افواہوں کا تدارک کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد ہونے کی خبر کی تردید کر دی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصلیٹ جنرل نے افواہوں کو جعلی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دبئی کی طرف سے پاکستان کے شہریوں پر ایسی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
لاہور میں مسیحا یا جلاد, ڈاکٹرز اور عملے کا بچے کی موت کے بعد ورثا پر تشدد لاہور کے چلڈرن اسپتال میں مسیحا جلاد بن گئے,مرنے والے بچے کے والدین پر تشدد کیا اور گرفتار بھی کروادیا گزشتہ روز 9 سالہ ابوبکر کی موت کے بعد ہونے والی لڑائی کے بعد ڈاکٹرز اور عملے نے ورثاء پر بہیمانہ تشدد کیا,جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی,آج نیوز نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑائی کی شروعات ڈاکٹرز اور عملے کی جانب سے کی گئی۔ بچے کے اہلخانہ نے عملے سے علاج معالجے پر شکایت کی ، جب کہ ڈاکٹرز اور عملے نے 1 بجکر 39 منٹ پر لواحقین کو بحث کے دوران تھپڑمارا۔ لڑائی کے دوران ورثاء پر مکوں اور لاتوں سے تشدد کیا گیا۔ واقعے کے بعد ڈاکٹرز نے بچے کے اہلخانہ میں سے دو افراد کو گرفتار کروا دیا تھا، جب کہ گزشتہ روز ہی واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کیا تھا, صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے, اسپتال میں ورثا اور عملے کی لڑائی کے دوران دو ڈاکٹروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے بچے کے والد اور بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
سعید اکبر نوانی کی اہلیہ سے ڈکیتی کی کال پولیس نے جھوٹی قرار دے دی، خاتون اپنی بہن کے زیورات واپس کرنے جا رہی تھی، کار کے قریب کوئی شخص یا کار نہیں آئی ، پولیس روزنامہ دنیا کے مطابق گزشتہ روز سعید اکبر نوانی کی اہلیہ نفیسہ سعید نے پولیس کو کال کی کہ وہ اپنے بیٹے حسن کے ساتھ گاڑی میں مسلم ٹاؤن کے علاقہ بھیکے وال سے گزر رہی تھی کہ ایک ڈالے پر سوار چار افراد نے زبردستی روک کر گن پوائنٹ پر 29تولے زیور اور 44ہزار نقدی چھین لی ۔ رکن صوبائی اسمبلی کی اہلیہ سے واردات کا بھانڈا سیف سٹی کیمروں کے فوٹیج نے پھوڑدیا۔۔پولیس کےمطابق سعید اکبر نوانی کی اہلیہ کے ساتھ کوئی نوسربازی نہیں ہوئی، پولیس کے مطابق فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایم پی اے کی اہلیہ کی گاڑی رکی لیکن کار کے قریب کوئی شخص یا کار نہیں آئی مگر انہوں نے پہلے 10 تولہ اور پھر 29 تولہ سونا غائب ہونے کی کال چلائی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ خاتون اپنی بہن کا سونا واپس کرنے جا رہی تھیں اور انہوں نے اپنے بہنوئی کو جائے وقوعہ پر بلا کر واردات کی کہانی سنائی۔ واضح رہے کہ سعید اکبر نوانی تحریک انصاف کی عثمان بزدار حکومت میں صوبائی وزیر رہ چکے ہیں، آپریشن رجیم چینج کے بعد وہ منحرف ہوگئے تھے اور حمزہ شہباز کیساتھ ملکر تحریک انصاف کی حکومت گرائی۔ تحریک انصاف سے بیوفائی کے بعد سعید اکبرنوانی اپنی سیٹ سے ہاتھ دھوبیٹھے اور ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی رہنما عرفان اللہ نیازی سے ہارگئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس وڈویلپمنٹ کا چوتھا اجلاس آج ہوا جس میں گھروں پر صفائی ستھرائی چارجز عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لیے واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز بھی پیش کی گئی جس سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا اندیشہ تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز بڑھانے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب 19.85 ملین رہائشی اور 20 لاکھ کمرشل یونٹس ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 مرلے کے گھروں پر 300 روپے اور 10 مرلے کے گھروں پر 500 روپے سینی ٹیشن چارجز لگائے جائیں گے۔ دیہاتی علاقوں میں قائم 10 مرلے کے گھروں پر 200 اور اس سے بڑے گھروں پر 500 روپے سینٹری چارجز لاگو ہوں گے۔ اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے بھی واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ریونیو میں اضافہ ہو گا تاہم بجلی کی قیمت میں اضافہ پر فیصلہ کی مخالفت ہو گی اور محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینی ٹیشن چارجز میں 50 فیصد سے زیادہ کم کرنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں گرین پاکستان پروگرام اور اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر 10 خواتین کو حج کا کروانے کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ حج پر جانے والی خواتین کو وہ ایئرپورٹ سے خود روانہ کریں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ اجلاس بھی ہوا جس میں سیکرٹری ہائوسنگ نے انہیں اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں اس منصوبے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، ان کے ساتھ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب و پرنسپل سیکرٹری کے علاوہ سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔ مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے ایونیو ون میں لاہور کو بہترین ماحول دوست رہائشی شہر بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرتے ہوئے 87 کنال پر محیط سنٹرل پارک کا افتتاح کرتے ہوئے پودا بھی لگایا۔
ذرائع کے مطابق آل پاکستان نیوزپیرز سوسائتی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹر (سی پی این ای) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹر اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) اور پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے نمائندوں نے پنجاب ہتک عزت بل 2024ء کیخلاف ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔ ذرائع ابلاغ کی نمائندہ تنظیموں مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی طرف سے اجلاس میں عدالت جانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے نمائندوں نے ورچوئل اجلاس میں پنجاب ہتک عزت بل کو سیاہ قانون قرار دےتے ہوئے مسترد کرنے کا اعلان کیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیے بغیر رات کی تاریکی میں اس قانون کو تیار کیا گیا، حکومت پنجاب کی طرف سے پیش کیے گئے اس بل کو ہم لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہتک عزت بل 2024ء کے خلاف شروع ہونے والی اس جدوجہد کو ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ہتک عزت بل کے خلاف کوریج کے بائیکاٹ، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں سمیت تمام ممکنہ آپشنز زیرغور لائے جائیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز ہی ہتک عزت بل منظور کیا گیا تھا جس پر پی ٹی آئی (سنی اتحاد کونسل) اور پارلیمانی کارروائی کور کرنے والے صحافیوں کی طرف سے احتجاج کیا گیا۔ اپوزیشن کی طرف سے تجویز کی گئی تمام ترامیم مسترد کر دی گئی جس کے بعد ہتک عزت بل کے خلاف سول سوسائٹی کی 80 سے زیادہ تنظیموں نے بھی احتجاج کیا تھا۔ ہتک عزت بل پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کیا جسے حکومت کی طرف سے صحافیوں کی بل پر ووٹنگ موخر کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایوان میں ووٹ کے ذریعے منظور کیا گیا اور اراکین سنی اتحاد کونسل نے احتجاجاً بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اراکین پریس گیلری نے اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آئوٹ کرنے کے ساتھ اسے میڈیا پر پابندی کے مترادف قرار دیا۔ صحافیوں اور سول سوسائٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ بل آزادی اظہار وصحافت کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اس لیے اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ہتک عزت بل اختلاف رائے اور تنقید دبانے، خاص طور پر صحافیوں اور عوام کے ایک بڑے طبقے کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ہتک عزت بل آمرانہ چال ہے جسے صاحب اقتدار افراد کو احتساب سے بچانے کیلئے تیار کیا گیا، بل کی دفعات ثبوت کے بغیر ہتک عزت کی کارروائی شروع کرنے کے ساتھ جرمانہ عائد کرنے کی اجازت دیتی ہیں جو قانونی دھمکیوں جیسے ہتھکنڈوں سے کم نہیں۔ بل میں صحافیوں اور اخبارات کی تعریف میں سوشل میڈیا صارفین کو شامل کر کے آن لائن اظہار رائے کی آزادی چھیننے کی خطرناک مثال قائم کر دی گئی ہے۔ سوشل میڈیا اکائونٹس کی بندش ومجوزہ سزائیں جمہوری اصولوں کے خلاف ہیں، حکومت پنجاب سٹیک ہولڈرز وسوسائٹی کی آوازوں پر کان دھتے ہوئے پیکا جیسی ایک اور قانون سازی کی کوشش نہ کرے۔ ہتک عزت بل مکمل طور پر ختم کرنے سمیت گورنر پنجاب سے اس بل پر دستخط نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز صحافتی تنظیموں واپوزیشن کے تحفظات واحتجاج کے باوجود ہتک عزت بل منظور کر لیا گیا تھا جس پر اپوزیشن نے شدید نعرے لگائے جبکہ صحافیوں نے پریس گیلری کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسمبلی احاطے میں احتجاج اور ملک گیر احتجاج کی کال دی۔ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ یہ قانون آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما حنیف عباسی نے بغیر بجلی پیدا کیے آئی پی پیز کو رقم ادائیگی کی مخالفت کردی، انہوں نے کہا بجلی پیدا نہیں کررہے تو ایسے ہی پیسے نہیں دیں گے,پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئی پی پیز کے کردار پر تنقید کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاہدے غلط بھی ہوگئے ہیں تو کہہ دیں کہ ہم پیسے نہیں دیں گے، انہوں نے ان معاہدوں سے کھربوں روپے کمالیے، میاں منشا ملک کیلئے کچھ ارب روپے چھوڑ دیں گے تو کیا قیامت آجائے گی؟مختلف ٹیکسز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سوئی گیس اور سولر پینلز پر ٹیکس لگانا ظلم ہے، یہ ٹیکس نہیں لگانا چاہیے۔ گزشتہ دنوں انوار الحق کاکڑ سے متعلق زیر گردش خبر سے متعلق حنیف عباسی نے بتایا سابق نگران وزیر اعظم سے سامنا ہوا تو گندم سے متعلق بات چیت ہوئی تھی، کیا آپ مجھے گرفتار کرنے آئے ہیں، تو میں نے کہا کہ میں کیسے آپ کو گرفتار کرسکتا ہوں۔ حنیف عباسی نے کہا انوارالحق کاکڑ سے تو کوئی فارم47کی بات ہی نہیں ہوئی، انہوں نے کسی اور جگہ فارم47کی بات کی ہو تو الگ ہے, ن لیگ کی مرکز میں حکومت اور پنجاب میں دوتہائی اکثریت کے ساتھ وزارت اعلیٰ ہے، ہم الیکشن کہاں ہارے ہیں؟ ہم تو الیکشن جیتے ہیں اسی لیے ہماری حکومت ہے، پنجاب اور مرکز میں سب سے بڑی جماعت ن لیگ ہے۔
صحافیوں کا پنجاب حکومت کا ہتک عزت بل 2024 مسترد ,کمیٹی کا اظہار تشویش صحافیوں نے پنجاب حکومت کا مجوزہ ہتک عزت بل 2024 مسترد کر دیا,جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پنجاب حکومت کے مجوزہ ہتک عزت بل پر اظہار تشویش کیا,صحافتی اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پنجاب حکومت کے مجوزہ ہتک عزت بل اور وفاقی حکومت کی مجوزہ ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی پر اظہار تشویش کیا ہے، ایکشن کمیٹی پنجاب حکومت کا مجوزہ ہتک عزت بل موجودہ شکل میں کالا قانون لگتاہے,اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یوجے اور ایمنڈ کی مشترکہ ایکشن کمیٹی نے بیان جاری کرتے ہوئے بل کی منظوری موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی پربھی صحافتی اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ میڈیا تنظیمیں ہتک عزت قوانین کی مضبوطی یا ڈیجیٹل میڈیا کی ریگولیشن کےخلاف نہیں، پنجاب حکومت کا مجوزہ ہتک عزت بل موجودہ شکل میں کالا قانون لگتاہے ، ہتک عزت کےمجوزہ بل پرتمام فریقین سے مشاورت کی جائے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سازی انفرادی حقوق کے تحفظ اور آزادی اظہار میں توازن رکھ کر کی جانی چاہیے، مجوزہ بل کے اثرات کا جائزہ لئے جانےتک ہتک عزت کے قانون کی منظوری مؤخرکی جائے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی حکومت کے ساتھ تعمیری طور پر رابطے میں رہنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے لئے ہتک عزت کی قانون سازی اور ضابطہ اگر نافذ ہو تو منصفانہ اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہو۔ لاہور پریس کلب میں ہونے والے اجلاس میں سی پی این ای، پی ایف یو جے، کیمرا مین اور فوٹوگرافر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدرلاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ ارباب اختیار کو پُرامن طور پر اپنے احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں,حکومت بل بنانے سے باز نہ آئی تو پیرکو اسمبلی اجلاس سے پہلے احتجاج ہوگا۔ صدر سی پی این ای ارشادعارف نے کہا کہ پیمرا، ہتک عزت اورپیکا کے قوانین پہلے سے موجود ہیں، ایسے میں نیا قانون بدنیتی پر مبنی ہے۔
نواز شریف کے بیان پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا چیلنج سابق وزیر اعظم نوازشریف کے بیان پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے چیلنج کردیا, آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں سابق چیف جسٹس پاکستان نے اپنی آڈیو کے حوالے سے کہا میری تو ایک ہی آڈیو آئی تھی، اس آڈیو کے فرانزک سے ثابت ہوگیا کہ وہ جوڑ کر بنائی گئی تھی۔ جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہامین کبھی نہیں کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں رکھو عمران خان کو لانا ہے، اگر میاں نواز شریف کے پاس آڈیو ہے تو سامنے لائیں, مسلم لیگ ن کی سینٹرل کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ان کے پاس محفوظ ہے، ا یک چیف جسٹس ایسی بات کرے تو اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے یہ بھی کہا کہ سیاستدانوں کا تو احتساب ہو باقی لوگوں اور ان ججز کا بھی احتساب ہونا چاہیے جنہوں نے نا انصافی کی، دنیا میں صدر اور وزیراعظم کو ججز نہیں نکال سکتے، 3 بندے بیٹھ کر 25 کروڑ عوام کے نمائندے کو کیسے تاحیات نااہل کر سکتے ہیں؟
مہنگائی کے اس دور میں لڑکیوں کے لئے جہیز بنانا والدین کے لئے مشکل ترین کام ہوگیاہے, جہیز کی وجہ سے بڑی لڑکیوں کی بڑی تعداد شادی سے محروم ہیں, پنجاب اسمبلی میں جہیز نہ ہونے کی وجہ سے 1 کروڑ 35 لاکھ لڑکیوں کی شادیاں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی احسن رضا خان نے جہیز کو معاشرے کا ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جہیز لینے اور دینے کو جرم قرار دینے کا قانون پاس کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ون ڈش کی پابندی لگائی، جس سے غریب بچیوں کی شادیاں ہوئیں۔ احسن رضا خان نے مزید کہا کہ جہیز میں گاڑیاں دینے کے چکر میں غریب خودکشی پر مجبور ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ جہیز اور نمائش پر پابندی لگنی چاہیئے۔رکن پنجاب اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ وراثت کا قانون موجود ہے، بیٹی کا حصہ وراثت میں ملتا ہے، 80 فیصد طبقہ مزدور ہے، 32 ہزار روپے مزدوری لیتا ہے، یہ 32 ہزار روپے والا بچی کو اسکول میں داخل کرائے یا جہیز اکٹھا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کی پیدائش پر بات ڈپریشن کا شکار ہوکر خودکشی کرلیتا ہے، 1 کروڑ 35 لاکھ لڑکیاں شادی نہ ہونے پر گھر وں میں بیٹھی ہیں۔ وزیر بیت المال و سوشل ویلفیئر پنجاب سہیل شوکت بٹ نے بھی جہیز کو معاشرے کی لعنت قرار دیا اور کہا کہ ہم قانون بناکر جہیز جیسے ناسور سے معاشرے کو پاک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہیز ناسور ہے اس کے خلاف انقلابی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، جہیز اس معاشرے کی برائی ہے، قوم کی بیٹیوں کو مختلف مسائل ہیں اور والدین بلیک میل ہوتے ہیں، محکمہ ایسا قانون لائے گا کہ بیٹیوں کو جہیز جیسے مسائل کا سامنا نہیں رہے گا۔ والدین جہیز کے مسائل کے سبب پریشان ہیں جبکہ بیشتر والدین شادی کے موقع پر ہونے والے اخراجات کے سبب مشکلات کا شکار ہیں۔ مہنگائی میں مسلسل اضافہ، قوت خرید نہ ہونے کے باعث والدین نے اپنے بچیوں کی شادی کے موقع پر رسومات کو انتہائی محدود یا ختم کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی ویسے تو پاکستان کی ہر خبر پر نظر رہتی ہے لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان کی لیک تصویر پر تو دلچسپ رپورٹ کردی۔ بھارتی اینکر کے مطابق عمران خان کی تصویر نے پورے نظام کو خوفنزدہ کردیا اور سب کی دوڑیں لگوائیں۔ اینکر نے بڑی تفصیل سے بتایا کہ ایسا تصویر میں کیا تھا جس کے لیک ہونے پر اتناشور مچا، اینکر نے کہا کہ پاکستان کے سابق صدر زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصاویر سامنے آنے پر ایسا نہیں ہوا تھا,لیکن عمران خان کی تصویر پر ہوا کیونکہ پاکستانی حکومت کو ڈر ہے کہ کہیں عمران خان کی مقبولیت مزید نہ بڑھ جائے۔ اس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ بتاتے ہیں کہ یہاں کی سرکار عمران خان کی مقبولیت سے خوفنزدہ ہے اور اسے ڈر ہے کہ عمران خان کی تصویر آنے سے اسکی مقبولیت نہ بڑھ جائے، اینکر کے مطابق عمران خان کو جیل میں ڈالا گیا، مختلف مقدمات بنائے گئے اور سزا سناکر الیکشن کروائے گئے اسکے باوجود اسکی جماعت نے واضح برتری حاصل کی اسکے باوجود کہ انکے ساتھ دھاندلی ہوئی۔ تصویر کس نے کمرہ عدالت سے لیک کی؟اس پر عدالتی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں اور وہ تصویر لیک کرنیوالے کو ڈھونڈنے لگے، تصویر لیک کرنے کے پیچھے پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا کا نام سامنے آرہا تھا، کہ انہوں نے یہ تصویر کمرہ عدالت میں کھینچی,تاہم، شوکت بسرا نے سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی تصویر میں نے نہیں بنائی، سوشل میڈیا پر میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
سول جج اسلام آباد صہیب بلال رانجھا نے اسلحہ و شراب برآمد گی کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے 9 سوالوں کے جواب طلب کرلئے عدالت نے وکیل کو سوالنامہ فراہم کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دید یا۔ سوال نامے میں ان سے پوچھا گیا آپ کی گاڑی سے غیر قانونی اسلحہ اور شراب کی بوتل برآمد ہوئی،پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کیمیکل انالیسز سے ثابت ہوا کہ بوتل میں شراب تھی، اس کا جواب دیں کیا آپ نے سماعت کے دوران پراسیکیوشن کے شواہد و دلائل کو سنا اور سمجھا؟30 اکتوبر 2016 کو آپ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی اجتماع میں شرکت کی ؟ آپ کالے رنگ کی گاڑی سے نکلے اور جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ گئے عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 342 کا سوال نامہ فراہم کرتے ہوئے انہیں 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی اور سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کراچی میں ڈومیسائل کے اجرا کے نظام کو آن لائن کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر غور شروع کردیا,ڈیجیٹل ڈومیسائل ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی انتظامیہ شہریوں کو ڈومیسائل کے اجرا کا نظام آسان اور شفاف بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ ڈیجیٹل ڈومیسائل کے اجرا کا طریقہ تمام اضلاع میں متعارف کرایا جائے گا اور روائتی طریقہ ختم کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی جواد مظفر نے کمشنر کراچی کو ڈومیسائل کے اجرا کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈومیسائل ڈیسک پر مختلف کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں,انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک کاؤنٹر پر ڈومیسائل کی سرکاری فیس کا چالان جمع کیا جاتا ہے۔ دوسرے کاؤنٹر پر نمبر جاری کیا جاتا ہے جبکہ تیسرے پر مطلوبہ دستاویز جیسے شناختی کارڈز، تعلیمی اسناد، رہائش کی تصدیق کے لیے یوٹیلٹی بلز کی اسکیننگ کی جاتی ہے,انہوں نے کہا ڈومیسائل کے اجرا میں جدید طریقہ کار اپنایا گیا ہے جس کے ذریعے ہر درخواست گزار کے تصویر اور تمام دستاویز کا ریکارڈ ہمیشہ کے لیے محفوظ کرنے میں مدد ملے گی۔ خیبرپختو خوا کی حکومت صوبے کے مختلف اضلاع میں عوام کی سہولت کے پیش نظر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کا آن لائن نظام متعارف کرواچکی ہے,ای ڈومیسائل نظام کے تحت اب کوئی بھی شہری گھر بیٹھے موبائل یا کمپیوٹر پر ویب سائٹ cfc .kp.gov.pk پر جاکر ڈومیسائل کے لیے درخواست دے گا اور مطلوبہ دستاویزات منسلک کرے گا، درخواست گزار نادرا جاکر اپنے فنگر پرنٹس دے گا اور یوں حکومت کے پاس درخواست گزار کا ڈیٹا محفوظ ہوجائے گا۔ ای ڈومیسائل کی سہولت سے جہاں شہریوں کو دفاتر میں طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا وہیں ان کو بھاری سفری اخراجات سے بھی چھٹکارا ملے گا۔ دوسری جانب حکومت کو ویلیج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر شہریوں کے تمام کوائف دستیاب ہوں گے، شہریوں نے گھر کی دہلیز پر ڈومیسائل ملنے کی سہولت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ملک میں ایک طرف مہنگائی میں کمی کے دعوے کئے جارہے ہیں دوسری جانب اشیائے خورونوش بھی مہنگی ہورہی ہیں,حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.06 فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 21.22 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے گندم کا آٹا، ٹماٹر، پیاز، لہسن، پیٹرول اور ڈیزل سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ ا ٓلو انڈے،گوشت سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور پندرہ اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، پیاز، لہسن، گندم آٹا، کیلے، چاول، سرخ مرچ، دال مسور سستی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 27 روپے کی کمی آئی۔ پیاز کی فی کلو قیمت 27 روپے سے زیادہ کی کمی آئی۔ ایک ہفتے میں لہسن فی کلو 46 روپے تک سستا ہوا,دوسری جانب آلو، بیف، مٹن، دال چنا، انڈے، چکن، کپڑے اور لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ ہفتے آلو کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 28 پیسے کا اضافہ ہوا۔ بیف 10 روپے اور مٹن 20 روپے تک فی کلو مہنگا ہوا۔ دال چنا فی کلو 3 روپے تک اور انڈے فی درجن 2 روپے تک مہنگے ہوئے۔ سالانہ بنیاد پر قیمتوں کا موازنہ کریں تو گزشتہ سال کی نسبت پیاز 88 فیصد،سرخ مرچ 70 فیصد تک مہنگی ہوئی جبکہ ایک سال میں لہسن 62 فیصد، ٹماٹر 36 فیصد، نمک 33 فیصد مہنگا ہوا,رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر بیف 24 فیصد، دال ماش 22 فیصد، چینی 21 فیصد مہنگی ہوئی۔ ایک سال میں گیس چارجز 570 فیصد تک بڑھ گئے۔ گزشتہ سال کی نسبت گندم کا آٹا، چکن، گھی،کوکنگ آئل، ایل پی جی سستی ہوئی ہے۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان کے ذمے قرضوں پر بھاری سود کی ادائیگی کو معیشت پر بوجھ قرار دے دیا,اسلام آباد میں آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان نئے بیل آؤٹ پیکج پر مذاکرات جاری ہیں۔ آئی ایم ایف نے پاکستان سے اخراجات میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان کے ذمے قرضوں پر بھاری سود کی ادائیگی کو معیشت پر بوجھ قرار دیا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اگلے مالی سال قرضوں پر سود 9 ہزار 787 ارب روپے تک جانے کا خدشہ ہے جبکہ رواں مالی سال قرضوں پر سود کی ادائیگی 8 ہزار 371 ارب روپے تک جا سکتی ہے۔ رواں مالی سال ہدف کے مقابلے سود پر 1 ہزار 68 ارب اضافی اخراجات کا خدشہ ہے۔ رواں سال بجٹ میں قرضوں پر سود کی ادائیگی کا ہدف 7 ہزار 303 ارب روپے رکھا گیا تھا اور صرف پہلے 9 ماہ میں اندرونی اور بیرونی قرضوں پر 5 ہزار 518 ارب روپے سود ادا کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگی وفاقی حکومت کی خالص آمدن سے بھی 205 ارب روپے زیادہ رہی۔ جولائی تا مارچ وفاقی حکومت کی خالص آمدن 5 ہزار 313 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔ اگلے مالی سال قرضوں کی شرح 72 اعشاریہ 1 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد پر آجائے گی۔ انتہائی بلند بیرونی مالی ضروریات اور بلند شرح سود قرضوں کی پائیداری کیلئے خطرناک قراردی گئی۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ذمے قرضوں میں کمی کا انحصار پالیسیوں کے کامیاب تسلسل پرہوگا۔
ایک طرف تو پاکستان کے تعلیمی نظام کا برا حال ہے تو دوسری طرف کچھ استاد بھی ایسے ہیں جو طلباء کو امتحانات میں نقل کروا کر قوم کا مستقبل تباہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع تعمیرملت گورنمنٹ سکول میں ڈائریکٹر سکولز امتحانات کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے پہنچے تو دیکھا کہ ہیڈمسٹریس اور امتحانات سینٹر کی سپرنٹنڈنٹ طاہرہ بچوں کو نقل کروانے میں مصروف ہیں۔ ڈائریکٹر سکولز یار محمد بالادی کا کہنا تھا کہ امتحانی مرکز پر پرائیویٹ عملے کو بھی تعینات کیا گیا تھا جو طالب علموں سے نقل کرنے کے لیے پیسے وصول کر رہے تھے۔نقل مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران 19 ویں گریڈ کی ہیڈمسٹریس طاہرہ کے بچوں کو نقل کرواتے پکڑے جانے کے بعد امتحانی مرکز کا تمام عملہ تبدیل کر دیا گیا اور ہیڈمسٹریس کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے سیکرٹری ایجوکیشن کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ کراچی میں پرچہ آئوٹ ہونے کی روایت میں بھی اب تک کوئی تبدیلی نہیں آئی، میٹرک امتحانات کے 10ویں دن امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی کیمیا کا پرچہ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر وائرل ہو گیا۔ کراچی میں میٹرک سائنس گروپ کے 1 لاکھ 60 ہزار 842 طلباء و طلبات جبکہ 9 ویں جماعت جنرل گروپ کے 16 ہزار سے زیادہ طلباء امتحانات دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے لیاری کے گورنمنٹ گرلز سکول میں قائم ایک امتحانی مرکز سے پنکھے چوری کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے جس سے طلباء کا گرمی سے برا حال ہے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ اس سکول میں اس سے پہلے بھی بہت دفعہ چوری کے واقعات ہو چکے ہیں، یہاں پر چوری کی روک تھام کے لیے رینجرز چوکی قائم ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ میٹرک کے طلباء وطالبات کے امتحانات کے لیے کراچی بھر میں مجموعی طورپر 505 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے ایک سینٹرل جیل میں بھی بنایا گیا ہے جہاں 22 طلبہ میٹرک کے امتحانات دیں گے۔ گورنمنٹ سکولوں میں قائم امتحانی مراکز کی تعداد 148 اور نجی سکولوں میں امتحانی مراکز کی تعداد 357 ہے جہاں پر 3 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ طلباء وطالبات کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔
ایک طرف سے خیبرپختونخوا حکومت قانون کی بالادستی اور آزادی کی جنگ کے نعرے لگا رہی ہے تو دوسری طرف خود ہی قانون کی پاسداری پر عملدرآمد نہیں کر رہی۔ ضلع مانسہرہ کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کا پولیو مہم کے دوران ایک کلرک کی ڈیوٹی کا مقام تبدیل نہ کرنے کی پاداش میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے بھتیجے کی چند دن پہلے اس حوالے سے ایک آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ہو گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو لیک میں سپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی کے بھتیجے و صوبائی نائب صدر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کمال سلیم سواتی کی طرف سے بابر نامی سینئر کلرک کی ڈیوٹی تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ریحانہ یاسمین کو ضلع بدر کرنے کی دھمکی لگائی تھی! خیبرپختونخوا کے ایلیمنٹری وسیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے باضابطہ طور پر نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 19 ویں گریڈ کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مانسہرہ ریحانہ یاسمین کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں ریحانہ یاسمین کو ایلیمنٹری وسیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کمال سلیم سواتی کی ریحانہ یاسمین کے ساتھ وائرل ہونے والی مبینہ آڈیو لیک میں انہیں خاتون سے کہتے سنا جا سکتا ہے کہ بابر خان سینئر کلرک کی ڈیوٹی پولیو مہم میں لگائی گئی ہے ان کی جگہ پر کسی اور کو لگایا جائے۔ ریحانہ یاسمین کے انکار پر کمال سلیم سواتی نے کہا کہ ٹھیک ہے میڈم یہ اگر پولیو مہم کی ڈیوٹی کرے گا تو آپ بھی اپنے لیے کوئی دوسرا سٹیشن پسند کر لیں!