چوری کی گاڑی استعمال کرنے کے الزام میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی معطل

12carpoldsosppjjmuatal.png

پشاور میں چوری کی گاڑی استعمال کرنے کے الزام میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ڈی ایس پی کو معطل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ سے چوری ہونے والی گاڑی کو استعمال کرنے کے الزام میں پشاور میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کو معطل کردیا گیا ہے، سندھ پولیس نے چوری ہونےو الی گاڑی کی برآمدگی اور ڈی ایس پی کو گرفتار نے کیلئے پشاور پولیس سے رابطہ بھی کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی پشاور نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور تحقیقات کا آغاز ہوتے ہی ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
واقعہ کے حوالے سے پشاور پولیس کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ چوری شدہ گاڑی ڈی ایس پی کے پاس دیکھی گئی ہے، اگر الزامات ثابت ہوگئے تو ڈی ایس پی کو سندھ پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔

الزامات کا جواب دیتے ہوئے معطل ڈی ایس پی نے نجی خبررساں ادارے سےگفتگو کی اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بغیر تحقیقات کے مجھے معطل کرنے پر ہائیکورٹ میں اپیل کروں گا، من گھڑت الزامات لگانے پر سندھ پولیس کے خلاف بھی عدالت سے رجوع کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرےخلاف منفی پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، میں ایک کرائے کی گاڑی استعمال کررہا ہوں ، یہ گاڑی چوری کی نہیں ہے۔