گجرات میں زیر تعمیر اسپتال کی چھت گر گئی، 3 مریض جاں بحق

14azizibhattihspptala.png

گجرات کے عزیز بھٹی شہید اسپتال کی زیر تعمیر چھت گرنے سے 3 مریض جاں سے گئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں، مذکورہ اسپتال کی جو چھت گری چند ماہ قبل نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس موقع پر اپنے نام کی افتتاحی تختی لگائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق گجرات میں واقع عزیز بھٹی شہید اسپتال کے زیر تعمیر سرجیکل وارڈ کی چھت گر گئی ہے جس سے ملبے تلے دبنے سے تین مریض جاں بحق اور12 زخمی ہوگئے ہیں، جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کی یقین دہانی کروائی ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ متعلقہ افسران سے حادثے کے حوالے سے مکمل رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

واقعہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی شدید غم وغصے کااظہار کیا جارہا ہے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے واقعہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ اس جگہ پیش آیا جہاں محسن نقوی نے افتتاح کرکے اپنی تختی لگائی تھی، چھت گرنے کی وجہ ٹھیک فاؤنڈیشن نا بنانا تھا، آگے بڑھ کر فیتے کٹوانے والا ڈی سی گجرات آج اس معاملے کو چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔

https://twitter.com/x/status/1783079715768545485
مسلم لیگ ن گجرانوالہ ڈویژن کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے واقعہ پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیر مرمت عمارت میں مریضوں یا لواحقین کی موجودگی انتظامی غفلت ہے، سانحہ کئی گھروں کے چراغ گل کرگیا مگر ہم اتنے بے حس ہوچکے ہیں کہ ہر حادثے کو انسانی غفلت قرار دے کر ایسے بھول جاتے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند فرضی کارروائیواں اور مرنے والوں، زخمی ہونے والوں کیلئے مالی امداد کے چیک دے کر ہم بری الذمہ نہیں ہوسکتے، حکومت فوری طور پر عزیز بھٹی شہید اسپتال کی نئی عمارت بنانے کی منصوبہ بندی کرے اور پرانی عمارت کی مرمت کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

https://twitter.com/x/status/1783120955578950055
صحافی محمد عمیر نے مذکورہ عمارت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گجرات کے اسپتال کی چھت گرنے کا یہ دسرا واقعہ ہے، اس سے قبل سروسز اسپتال لاہور کی چھت بھی گری تھی، مگر محسن نقوی سمیت کسی بھی فرد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ہلاک ہونے والے افراد کا مقدمہ کس کے خلاف درج ہوگا؟

https://twitter.com/x/status/1783106762557518111
پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما عبداللہ وڑائچ نے چند ماہ قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کےمذکورہ بلڈنگ کے دورے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے اس موقع پر افتتاحی تختی لگا کر محکمہ تعمیرات و مواصلات کو منصوبے کی جلد تکمیل پر سراہا تھا، حقیقت یہ ہے کہ وہاں صرف راہ داری اور داخلی دروازے کو اپ گریڈ کیا گیا تھا۔

https://twitter.com/x/status/1783051573511299174
عبداللہ وڑائچ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں جب پرویز الٰہی وزیر اعلی بنے تو انہوں نے گجرات عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی اپگریڈیشن کے منصوبہ کے لئے فنڈز جاری کئے جسکو نگران حکومت نے آتے ہی دیگر منصوبوں کی طرح روک دیا تھا۔