اہل علاقہ نے تعاقب کر کے دونوں بھائیوں کو پکڑ کر ان کی درگت بنا دی: رپورٹ
ملک میں جرائم میں کمی لانے کیلئے قائم کیے گئے پنجاب پولیس کے اہلکار خود ہی جرائم میں ملوث نکلے۔ ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ پولیس کا ایک اہلکار اپنے بھائی کے ساتھ بکرا چوری کی واردات کرتے ہوئے موقع پر پکڑا گیا،
دونوں بھائیوں کو پکڑ کر اہل علاقہ نے ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر درگت بنا دیا۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اہل علاقہ کی طرف سے پکڑے گئے پولیس اہلکار اور اس کے بھائی کی مشتعل ہجوم سے جان چھڑوائی۔
پولیس نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، وقاص نامی پولیس اہلکار اور اس کا بھائی گوجرانوالہ کے علاقہ لوہیانوالہ کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔ دونوں بھائی اڑوپ موڑ کے علاقے میں ایک ڈیرے سے بکرا چوری کرنے کے بعد موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو رہے تھے کہ اہل علاقہ نے تعاقب کر کے انہیں پکڑ لیا اور ڈندوں سے پٹائی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص نامی پولیس اہلکار گوجرانوالہ جیل میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا تھا، دونوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں نامعلوم چوروں نے کلرسیداں کے نواحی علاقے چوآ خالصہ میں ایک ہی دن میں 10 بکریاں چوری کرلیں۔
چوآخالصہ کے رہائشی بکری پال افراد کا کہنا ہے کہ ان کی بکریاں گھر کے قریب ہی کھیتوں میں تھیں کہ نامعلوم چوروں نے دن کے وقت 10 بکریاں چوری کرلیں۔ مالکان کے مطابق چوری ہونے والی بکریوں کی تعداد 10 ہے جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔پولیس تھانہ کلرسیداں کی طرف سے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ضابطے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔