حکومتی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے کہا ہے کہ سیاسی لحاظ سے عمران خان ایک لاش کی طرح ہیں جس کےساتھ ایک کروڑ لوگ بھی کھڑے ہوجائیں تو لاش زندہ نہیں ہوسکتی۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ گفتگو پشاور میں قبائلی مشران اور تاجروں کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کی اور کہا کہ ہم نے جلسوں میں کہا کہ ہم حکومت سنبھالیں گے اور ہم نے سنبھال بھی لی، 4 سال کی جو خرابی پید ا ہوئی ہے وہ چار دن میں ختم نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے مزید کہا پاکستانی معیشت کو تباہ و بردباد کردیا گیا ہے، ملک دیوالیہ ہوچکا ہے ، ہمارے لیے معیشت ایک بڑا چیلنج ہے، یہ سب کا پاکستان ہے اور اسی لیےمشکل وقت میں سب کو ایک ہونا پڑے گا، تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی کوئی اہمیت نہیں ہے ، ہمارے مارچ کا ریکارڈ کسی کا باپ بھی نہیں توڑسکتا ، یہ لوگ تو اسلام آباد میں مکھیاں مارنے آئیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری دنیا میں کمزور قوموں کے ہی حقوق پامال ہوتے ہیں، ہمیں عوام کی مرضی و منشاء کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے، ملکی و قومی معاملات میں عوام کی شراکت داری ہونی چاہئے، عالمی طاقتیں چاہتی ہیں کہ ہم تقسیم در تقسیم ہوتے چلے جائیں ، چین کا کہنا ہے کہ دنیا ہمارا ساتھ دینا چاہتی ہے۔