نواز شریف کی واپسی،شیخ رشید اور رانا ثنا اللہ آمنے سامنے

5ranarasheed.jpg

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان واپس آنے کے لئَے اپنی جیب سے ٹکٹ خرید کر دینے کی پیشکس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پاکستان آنا چاہیں تو انہیں 24 گھنٹوں میں ویزا جاری ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا سابق وزیراعظم نواز شریف پاکستان آنا چاہیں تو انہیں 24 گھنٹوں میں ویزا جاری ہو گا اور ٹکٹ کے پیسے میں اپنی جیب سے دوں گا۔


شہباز شریف سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا شہباز شریف نے کہا ہمارا ہاتھ اور ان کا گریبان ہو گا، آپ اپنی شکل دیکھیں، آپ جیسی کرپشن کسی کی نہیں ہے، آپ جیسے چور ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شریف اور زرداری خاندان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں خاندان کرپٹ ہیں اور عمران خان آخری سانس تک کرپشن زدہ سیاست کے خلاف لڑائی لڑتا رہے گا۔

وفاقی وزیر نےموجودہ حکومت کے مستحکم ہونے کے حوالے سے کہا کہ عمران خان کہیں نہیں جا رہے، حکومت کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔


ن لیگی رہنما نےوفاقی وزیر داخلہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے قائد نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے جن کا اپنا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں، نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ٹلی بج گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف بس الزامات ہی ہیں ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ عمران خان کو تو نواز شریف کے واپس آنے کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا۔