گیس بحران:"آپکا رویہ شرمناک ہے"پی ٹی آئی ایم این اے کا حماد اظہر کو خط

gas-loadsheding.jpg


وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گیس کی قلت کے معاملے پر بحث ہوئی تو وزرا پھٹ پڑے اور سوالوں کی بوچھاڑ کر دی۔

وفاقی وزرا کی جانب سے کابینہ میں سوال اٹھایا گیا کہ اگر ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی تو اس سے پاکستانی برآمدات کم ہونے کا خدشہ ہے۔ وزرا کے خدشات کے پیش نظر وزیراعظم نے بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے انڈسٹری کو گیس کی فراہمی کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں شوکت ترین، حماد اظہر اور عبدالرزاق داؤد شامل ہیں۔


دوسری جانب کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے رویے کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ گیس بحران پر ایم این اے آفتاب صدیقی نے حماد اظہر کو خط لکھ دیا اور کہا کہ میرے حلقے این اے 247 کراچی میں گیس کی سپلائی بالکل نہیں ہے۔

رکن اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا کہ میرے حلقے میں اکتوبر سے گیس کا بحران چل رہا ہے، آپ کو بارہا میسیج بھی کیے، آپ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے، یہی رویہ رہا تو بلدیاتی الیکشن میں کراچی میں بھی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ این اے 247 کے رہائشی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں، میرے حلقے بالخصوص ڈی ایچ اے میں گیس کی قلت کا نوٹس لیں۔