بلاگر بلال خان کا قاتل گرفتار : قتل کی اصل وجہ مذہبی عقائد تھے؟

Muhammad-Bilal-Khan-1.jpg


وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جون 2019 میں قتل ہونے والے بلاگر بلال خان کے کیس میں پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے بلال خان کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے۔

شیخ رشید نے بڑی وضاحت کے ساتھ بتایا کہ بلال خان کے قتل پر بعض طبقوں نے اس واقعے کی ذمہ داری خفیہ ایجنسیوں پر عائد کی تھی لیکن قتل کی اصل وجہ اس کے مذہبی عقائد تھے۔

یاد رہے کہ محمد بلال خان پر وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی نائن فور میں حملہ کیا گیا تھا جس میں بلاگر جاں بحق جبکہ اس کا دوست احتشام زخمی ہوگیا تھا۔ مقتول بلاگر محمد بلال خان اسلامک یونیورسٹی (آئی آئی یو آئی) میں شریعہ فکیلٹی کا طالبعلم تھا۔

اس کے علاوہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہِ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی منظوری دی تھی، نیوزی لینڈ میں اتنی فورسز نہیں ہوں گی جتنی انہیں یہاں سیکیورٹی فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ کسی ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

ایک سے زائد پاسپورٹ کے معاملے پر شیخ رشید نے کہا کہ 31 اکتوبر تک دو پاسپورٹ یا دو شناختی کارڈ رکھنے والوں کو رعایت ہوگی کہ اس دوران فیصلہ کرلیں کہ کون سا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ رکھنا ہے اور کون سا منسوخ کرانا ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے بتایا کہ صوبوں کی درخواست پر چہلم امام حسین کے موقع پر موبائل فون سروس معطل رہے گی جبکہ 19 اور 20 صفر کو فوج، رینجرز، نیم فوجی دستے بھی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔