پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحافی سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ "میڈیا نئے آرمی چیف کا خیال رکھے"۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی میں پاکستان فوج کی کمان کی تبدیلی کی پروقارتقریب کے بعد اس وقت پیش آیا جب نئے تعینات ہونے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ان کی گاڑی تک چھوڑنے کیلئے آئے۔
اس موقع پر قریب موجود صحافیوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوال کیا کہ کیا وہ میڈیا سے بات کرنا چاہیں گے؟
جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحافیوں کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل عاصم منیر کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ "میڈیا اب ان کا خیال رکھے"۔
جیسے ہی صحافیوں نے جنرل عاصم منیر کی جانب رخ کیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے "نو" کہا اور واپس تقریب کی جانب مڑ گئے۔
خیال رہے کہ راولپنڈی کے آرمی ہاکی اسٹیڈیم میں آرمی کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اور جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، سفارتکاروں اور فوجی افسران کےدوستوں اور کورس میٹس نے شرکت کی، تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی کی کمان کی چھڑی جنرل عاصم منیر کو سونپی اور سیلوٹ مارا، اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل عاصم منیر کو گلے بھی لگایا۔