
ایسوسی ایشن فارسموکنگ الٹر نیٹوز پاکستان نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ روزانہ 12سو پاکستانی بچے سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ایسوسی ایشن فارسموکنگ الٹرنیٹوز نے پاکستان میں تمباکو نوشی کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق روزانہ 6 سے 15 برس کی عمر کے12سو بچے سگریٹ نوشی کرتے ہیں، ملک میں تمباکو نوشی کرنے والے ہر 5میں سے2 افراد نے 10 سال کی عمر سے بھی پہلے سگریٹ پینا شروع کردی ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2017 میں تمباکو نوشی کی وجہ سے تقریبا 1لاکھ 63ہزار 360 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں تمباکو نوشی کی وجہ سے روزانہ 5ہزار افراد ہسپتالوں میں داخل ہوتے ہیں۔
ایسوسی ایشن فارسموکنگ الٹر نیٹوز پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ عالمی سطح پر تمباکو نوشی میں کمی واقع ہوئی ہے مگر اس کے باوجود ان افراد کی تعداد ایک ارب سے بھی تجاوز کرچکی ہے جو سگریٹ نوشی یا کسی اور قسم کا نشہ کرتے ہیں، دنیا بھر میں تمباکو نوش کرنے والے افراد میں سے 80 فیصد کا تعلق درمیانی آمدنی والے ممالک سے ہے، اسی وجہ سے ان ممالک میں صحت عامہ پر زیادہ اخراجات کیے جاتے ہیں۔
ادارے نے ملک میں تمباکو نوش کرنے والے افراد کو مدد فراہم کرنے اور تمباکو نوشی ترک کرنے کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس منصوبے کے تحت ادارہ 10لاکھ پاکستانیوں کو تمباکو نوشی ترک کرنے میں رہنمائی اور مدد فراہم کرے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9smok.jpg