
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) کو سوشل میڈیا پر حکومت مخالف بیان دینے والے کابینہ ڈویژن کے 21ویں گریڈ کے افسر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے وفاقی حکومت کے کابینہ ڈویژن سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری حماد شمیمی کی جانب سے حکومت مخالف تبصرہ کرنے کا نوٹس لیا اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے حماد شمیمی کے خلاف تحقیقات کیلئے ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں کہ 60 روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے انکوائری رپورٹ وزیراعظم آفس بھجوائی جائے۔
اعلامیہ کے مطابق سینئر جوائنٹ سیکرٹری ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہذا ان کے خلاف سول سرونٹس روز کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یادرہے کہ کابینہ ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری حماد شمیمی نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں حکومتی جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ " تحریک انصاف اور طالبان میں ایک مشابہت یہ بھی ہے کہ دونوں حکومت ملنے کے بعد یہ سوچ رہے ہیں کہ اسے چلانا کیسے ہے اور دونوں کی امیدوں کا مرکز بھی آبپارہ ہے"۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8inquiri.jpg