
سینئر صحافی و تجزیہ کار ابصار عالم نے کہا ہے کہ سسٹم آج بھی عمران خان کو سپورٹ فراہم کررہا ہے، باجوہ ڈاکرائین کی باقیات آج بھی موجود ہیں۔
سماء ٹی وی کے پروگرام اسٹریٹ ٹالک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ابصار عالم کا کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مشن تھا کہ انہوں نے عمران خان پروجیکٹ کو مکمل کرنا ہے، ملک کو چین سے دور کرنا ہے اور کشمیر کو بھارت کو تحفے میں دینا ہے، وہ اپنے مشن میں مکمل طور پر کامیاب رہے، جنرل باجوہ کا مشن اسٹیٹمنٹ مقامی و بین الاقوامی اخبارات کے فرنٹ پیجز پر شائع ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب سسٹم کسی کو سپورٹ نہیں کرتا تو ذولفقار علی بھٹو گرفتار ہونے کے 8 مہینے بعد پھانسی پر چڑھ جاتا ہے، جب سسٹم سپورٹ نہیں کرتا تو 10 مہینےمیں نواز شریف اور اس کی بیٹی نااہل ہوتے ہیں اور نواز شریف کو پارٹی عہدے سے ہٹادیا جاتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1653074850179842048
ابصار عالم نے کہا کہ عمران خان گزشتہ ایک سال سے اقتدار سے باہر ہیں، ان کے خلاف جتنے بھی کیسز دائر ہوئے ان میں سے کسی ایک کیس میں وہ گرفتار نہیں ہوئے، گھر بیٹھے انہیں عدالتیں ضمانت دے دیتی ہیں، ان کے ساتھیوں میں سے ایک مہینہ تو دور کی بات کوئی ایک ہفتہ بھی جیل میں نہیں رہ سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم پر کون دباؤ ڈال رہا ہے؟ میڈیا بھی سسٹم کا حصہ ہے کیا میڈیا کو ہدایات نہیں ملتیں کہ ان کے خلاف یہ مہم چلانی ہے، باقیات بہت سی سسٹم میں موجود ہیں جو نظریے پر کام کررہی ہیں، ملک کا سابق چیف جسٹس عمران خان کو سپورٹ کررہا ہے، سابق آرمی چیف عمران خان کو سپورٹ کررہا ہے، سابق ڈی جی آئی ایس آئی سپورٹ کررہا ہے ، سارا میڈیا عمران خان کو سپورٹ کررہا ہے اور سسٹم میں ہوتا کیا ہے؟