سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ایک نئی سیاسی جماعت سامنے آجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے آج نیوز کے پروگرام "روبرو" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک، دو یا تین نئی سیاسی جماعتوں کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کرسیوں کی سیاست ہے، موجودہ سیاسی جماعتوں میں یہ سوچ نظر نہیں آتی کہ ملک کے مسائل حل کرسکیں، میں نے سیاست نہیں چھوڑی صرف الیکشن چھوڑا ہے، میں خود سیاسی جماعت بناؤں یا نا بناؤں، سیاسی جماعت تو بننی ہی ہے۔
کوئی سیاسی جماعت بن رہی ہے؟ سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد خاقان نے کہا کہ جی جی بالکل بن رہی ہے، اس جماعت میں مصطفیٰ نواز کھوکھر، مفتاح اسماعیل اور دیگر لوگ شامل ہوں گے، میں بھی اس سیاسی جماعت کا حصہ ہوں گا، اگلے دو یا تین ماہ میں نئی سیاسی جماعت سامنےآجائےگی۔
نئی جماعت کے نام سے متعلق سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ نام جو بھی"وہ" رکھیں گے وہی ہوگا۔
پروگرام میں میاں نواز شریف کی خاموشی سے متعلق سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سوال کا جواب تو میاں صاحب ہی دے سکتے ہیں، میرے خیال میں چونکہ وہ موجودہ نظام میں ایکٹیو نہیں ہیں اس لیے انہوں نے سوچا ہے کہ خود کو سیاست سے دور کرلیتا ہوں، تاہم جو بھی فیصلے ہورہے ہیں یہ سارے فیصلے میاں نواز شریف ہی کررہے ہوں گے۔