خلائی وڈیجیٹل ترقی کی طرف سفر، پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا!
پاکستان نے خلائی و ڈیجیٹل ترقی میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملک کے دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بڑھانے کی طرف سفر شروع کر دیا ہے اور براڈبینڈ سروس کی فراہمی کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سہولت کاری کی وجہ سے پاکستان کا پہلا ملٹی مشن سیٹلائٹ پاک سیٹ ایم ایم 1 آپریشن کیا جا چکا ہے جسے ملک کی خلائی وڈیجیٹل ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پاک سیٹ - ایم ایم 1 کے کامیابی سے آپریشن ہونے کے ساتھ ہی پاکستان کے مواصلاتی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں رونما ہوں گی جس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔ ایم ایم 1 سیٹلائٹ کے ذریعے اب ملک کے دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں اضافہ ہو گا جس سے حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کو فروغ ملے گا۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے ای گورننس ڈویلپمنٹ انڈیکس کی فہرست میں پاکستان نے 14 درجے ترقی کرلی ہے اور متعدد ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 136 ویں نمبر پر آگیا ہے جو کہ 2022ء میں اس فہرست میں 150 ویں نمبر پر تھا۔ پاک سیٹ - MM1 عالمی خلائی صنعت اور صنعتی ترقی کے میدان میں پاکستان کی موجودگی میں اضافہ کرنے کیلئے اہم ترین کردار ادا کرے گا۔
پاک سیٹ- MM1 سیٹلائٹ کے ذریعے کمیونٹی ایجوکیشن، ٹیلیویژن براڈکاسٹنگ سروس اور کمیونٹی انٹرنیٹ جیسی خدمات فراہم کر کے مقامی صنعتوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سیٹلائٹ کی مدد سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں جدت اور تحقیق کی سہولت بھی میسر آئے گی جس سے مقامی چیلنجز سے نپٹنے کے لیے جدید ترین حل تیار کرنے میں معاونت حاصل ہو گی۔
ایس آئی ایف سی کے اس اقدام کو پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے جس سے ملک کے دوردراز علاقوں تک انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں بہتری پیدا ہو گی اور ان علاقوں کے شہریوں تک بنیادی سہولیات تک رسائی ممکن ہو گی۔
پاک سیٹ - MM1 کی کامیاب ٹیسٹنگ کی تقریب میں ماہرین اور سرکاری حکام کے علاوہ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ شریک ہوئے اور قومی ترقی کے فروغ میں سیٹلائٹ کے کردار پر خوشی کا اظہار کیا۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی پہلی نیشنل سپیس پالیسی بن چکی ہے اور اس سیٹلائٹ کے آپریشنل ہونے سے ملک کے پسماندہ علاقوں کی تقدیر بدل جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pakistan.jpg