
لکی مروت: فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت کے کبل خیل علاقے میں 17 سویلین ورکرز کو بھتہ خوری کے مقصد کے لیے اغوا کر لیا۔ یہ مغوی ورکرز نہتے تھے اور ان کے پاس کسی قسم کا دفاعی سامان نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں نے مغوی سویلین ورکرز کو اغوا کرنے کے بعد مقامی ٹھیکیدار کی گاڑی کو آگ بھی لگا دی۔ اس واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موثر کارروائی کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں اب تک 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ باقی ورکرز کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی یہ کارروائیاں دین اور اسلامی اقدار کے خلاف ہیں، اور ان عناصر کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ یہ بہیمانہ اقدامات کرنے والے دہشت گرد جلد کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ اس واقعے کے بعد مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور سیکیورٹی کی صورتحال مزید سخت کرنے کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/ffGc4158ATo.jpg