آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری،عوام پر مزید بوجھ ڈال دیاگیا،بجلی،گیس مہنگی

imf-shehbaz-sharif-inflation-ee.jpg


مہنگائی کے طوفان کے باوجود وفاقی حکومت نے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔ حکومت نے فی یونٹ بجلی استعمال کرنے پر پاور ہولڈنگ لیوی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فی یونٹ 3.82 روپے لیوی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی قیمت پر لیوی مرحلہ وار عائد کی جائے گی اور اس کے لئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے منظوری لی جائے گی، بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ 31.74 روپے ہو جائے گی۔ فروری مارچ کے لیے پاور ہولڈنگ لیوی 43 پیسے عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

جب کہ مارچ سے جون تک 3.39 روپے اضافی لیوی شامل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جولائی سے اکتوبر تک 43 پیسے کے ساتھ مزید ایک روپے لیوی عائد کی جائے گی اور 3.39 روپے لیوی ختم ہوجائے گی۔ اسی طرح نومبر 2023 سے جون 2024 تک 1.43 روپے لیوی عائد رہے گی۔

پاور ہولڈنگ لیوی کا اطلاق 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہوگا، لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک کے بجلی صارفین بھی پاورہولڈنگ لیوی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ یہی نہیں حکومت نے سیلاب متاثرین اور زرعی صارفین کے لیے 2.75 روپے کا فی یونٹ ریلیف ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے گھریلو، کمرشل اور پاور سیکٹرز کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی بھی منظوری دے دی۔ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت توانائی کی جانب سے مالی سال 2022-23 کے قدرتی گیس کی فروخت کی قیمتوں کے بارے میں پیش کردہ سمری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں گھریلو، کمرشل اور پاور سیکٹرز کے لیے 6 ماہ بشمول جنوری تا جون 2023ء کے لیے گیس کی قیمتوں میں نظر ثانی کرتے ہوئے اضافے کی منظوری دی گئی۔ جس کے بعد گیس کی قیمت میں 16.6 سے 124 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے جس سے 50 کیوبک میٹرتک والے گھریلو صارفین مستثنیٰ ہوں گے۔

100 کیوبک میٹر گیس کی قیمت 16.6 فیصد اضافے کے بعد 350 روپے ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی جب کہ 200 کیوبک میٹر گیس کی قیمت 32 فیصد اضافے کے بعد 730 روپے ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی۔

اس کے علاوہ 300 کیوبک میٹر گیس کی قیمت 69 فیصد اضافے سے 1250 روپے فی ایم ایم پی ٹی یو، 400 کیوبک میٹر گیس 99 فیصد مہنگی ہو کر 2200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی۔ کمرشل صارفین کے لئے کی قیمت میں 28.6 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد کمرشل صارفین کے لئے کی قیمت 1650 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔