وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ اللہ نے ن لیگ کی طرف جاتے جاتے جنرل(ر) باجوہ کے ذریعے ہمارا راستہ تبدیل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کی حمایت کا مشورہ دیا تھا۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ اللہ نے ہمارا ن لیگ کی طرف جاتے جاتے راستہ تبدیل کیا، راستہ دکھانے کیلئے اللہ نے جنرل باجوہ کو بھی دیا، باجوہ صاحب نے ہمیں کہا کہ شریفوں کا کوئی اعتبار نہیں، شریفوں نے آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جنرل(ر) باجوہ نے مجھ سے کہا کہ میرے ساتھ جو ہوا وہ چھوڑیں، باجوہ صاحب نے کہا کہ اپنی بات آپ خود سوچ سوچیں اور سوچ کر چلیں، آپ کیلئے عمران خان والا راستہ بہتر ہے، نا جنرل (ر) باجوہ نے ڈبل گیم کی اور نا ہی عمران خان نے ایسا کیا۔
اسمبلی کی تحلیل سے متعلق سوال کے جواب میں چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی توڑنے کیلئے تیار ہوں، ہمارا مستقبل کا سیاسی سفر عمران خان کے ساتھ ہی ہوگا، عمران خان کےکہنے پر اسمبلی توڑنے میں ایک منٹ بھی نہیں لگاؤں گا۔