انجکشن کی تیاری میں استعمال محلول سے متعلق الرٹ جاری

enlhi1h1.jpg

ڈریپ نے انجکشن کی تیاری میں استعمال ہونے والے مخصوص واٹر سے متعلق ایک الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق انجکشن کی تیاری میں استعمال ہونے والے محلول"سٹیرائل واٹر" کے ایک بیج(کھیپ) کے غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ڈریپ نے اس پوری کھیپ کیلئے پروڈکٹ ری کال الرٹ جاری کردیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق سینٹرل ڈرگ لیب کراچی نے ایک رپورٹ میں سٹیرائل واٹر کےبیج بی77-6 کو غیر معیاری قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ غیر معیاری واٹر کے استعمال سے مریض کو نقصان ہوسکتا ہے اور اس محلول سے تیار کردہ انجکشن موثر ہونے کے بجائے ری ایکشن کا سبب بن سکتا ہے جس سے مریض کو بخار، سوزش جیسی تکالیف کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ڈریپ کی کا کہنا ہے کہ ری کال الرٹ کا اجراء ڈاکٹرز، کیمسٹ حضرات اور شہریوں کیلئے کیا گیا ہے، مارکیٹ میں مذکورہ بیج کی سپلائی بند کردی گئی ہے،اور کمپنی کو مارکیٹ میں دستیاب اس بیج کو مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ سٹیرائل واٹر اینٹی بائیوٹیک اور دیگر انجکشنز یاڈرپس کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، یہ مخصوص واٹر پاؤڈر شکل میں موجود ادویات کا محلول تیار کرتا ہے۔