ایف بی آر کے مغوی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی لاش برآمد،ملزمان گرفتار

fbdh1h11.jpg


راولپنڈی سے اغوا ہونے والے وفاقی بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی لاش 10 روز بعد برآمد ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ آر اے بازار سے 10 روز قبل اغوا ہونے والے ایف بی آر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رحمت اللہ کی لاش سرائے خربوزہ سے برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق رحمت اللہ کےاغوا و قتل میں ملوث تمام چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت صادق، عبداللہ، وحید گل اور محمد بہادر کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان مقتول کے دوست تھے جبکہ ملزم صادق رحمت اللہ کا مالک مکان تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی پر لاش کو تلاش کرلیا گیا ہے، رحمت اللہ عید کے تیسرے دن دوستوں سے ملنے کیلئے گھر سے نکلا اور واپس نہیں آیا ، ملزمان نے رحمت اللہ کو آر اے بازار کے علاقے کمال آباد سے اغوا کرکے لواحقین سے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا۔
https://twitter.com/x/status/1782411878414631274
آر اے بازار تھانہ کی پولیس کے مطابق لواحقین کی درخواست پر 12 اپریل کو اس واقعہ کا مقدمہ درج کیا گیا، ملزمان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو قتل کرکے اس کی لاش سرائے خربوزہ میں دفن کردی تھی، ملزمان کی نشاندہی پر مقتول کی لاش کو تلاش کرکے پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔