ایف بی آر کی کامیابی، ہدف سے کتنے سو ارب روپے زائد ٹیکس وصول؟

record-tax-fbr.jpg


ایف بی آر کی بہترین کارکردگی سامنے آگئی،رواں مالی سال کے ابتدائی 8ماہ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ہدف سے 268 ارب روپے زائدٹیکس وصول کرلیا،ایف بی آر نے جولائی تا فروری تقریباً 38کھرب روپے ٹیکسوں کی مد میں جمع کیے۔

اس مدت کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف تقریباً 35کھرب 30ارب مقرر کیا گیا تھا،اس عرصے کے دوران ایف بی آر کی کارکردگی درآمد سے حاصل کردہ ٹیکس پر منحصر رہی،مجموعی وصولیوں میں درآمدات سے حاصل کردہ ٹیکس کا حصہ 53 فیصد رہا۔

درآمدات سے ٹیکس کا بڑا حصہ مل جانے کے باعث سیلز ٹیکس کے حصول میں ایف بی آر کی کمزوریاں سامنے نہیں آرہیں،ایف بی آر کے مطابق اس نے 197 ارب روپے ٹیکس ریفنڈز کی مد میں اد اکیے،گذشتہ سال کی اسی مدت یہ رقم 157 ارب روپے تھی۔

ایف بی آر کے مطابق فوری میں ریفنڈز کی مد میں 35 فیصد کم ( 8.2 ارب روپے) ادائیگی کی گئی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ پوری ادائیگی کی صورت میں مسلسل تیسرے مہینے میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا نہیں ہوپاتا۔

فروری میں ایف بی آر نے 15.3 ارب روپے کا ٹیکس ریفنڈ کیا، گذشتہ سال کے اسی ماہ میں 23.5 ارب روپے کا ریفنڈ دیا گیا تھا، ٹیکس ریفنڈ میں دانستہ کٹوتی کرنے سے ٹیکس مشینری فروری میں 443.5 ارب روپے کا ٹیکس ظاہر کرسکی جو ہدف سے بمشکل ڈیڑھ ارب روپے زائد ہے۔