بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا گزشتہ روز پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست سے دوچار ہونے کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے حق میں بول پڑیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد گراؤنڈ میں موجودہ اکشے کمار، پریتی زنٹا اور اروشی روتیلا سمیت بالی ووڈ ستاروں کو بھی شدید مایوسی ہوئی۔
تاہم میچ کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹ ٹیم پر تنقید شروع ہوئی تو اس کی زد میں گراؤنڈ میں موجود بالی ووڈ ایکشن ہیرو اکشے کمار بھی آگئے ، بھارتی صارفین نے نہ صرف اپنی ٹیم کو نشانہ بنایا بلکہ اکشے کمار کے خلاف بھی لاتعداد میمز بنا ڈالیں۔
تاہم پریتی زنٹا نے اپنی شکست خوردہ ٹیم کا حوصلہ بڑھناے کیلئے اس تنقید کے خلاف آواز اٹھائی اور تنقید کرنے والے صارفین کو حوصلہ نہ ہارنے کی تجویز دی۔
ٹویٹر پر اپنے بیان میں ڈمپل گرل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی پہلی شکست پر شدید مایوسی ہوئی مگر اس سے زیادہ مایوسی نام نہاد کرکٹ فینز کی جانب سے سوشل میڈیا پر تنقید اور گالم گلوچ کو دیکھ کر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ فینز کو سمجھنے کی ضرورت ہے، خدارا کرکٹ ایک کھیل ہے اور تمام کھلاڑی انسان ہیں اور یہ کھلاری سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی نفرت اور بدزبانی کے مستحق نہیں ہیں۔