کپتان کے کھلاڑیوں میں اضافہ ہوگیا، جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ کے مرکزی رہنما مولانا گل نصیب خان نے پوری جماعت کا عمران خان کیساتھ تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
مرکزی رہنما مولانا گل نصیب خان کی اس حوالے سے اسد قیصر اور علی محمد خان سے ملاقات ہوئی، انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
گل نصیب خان نے کہا کہ اس وقت ملک دو طبقوں میں تقسیم ہوگیا ہے، ایک طبقہ جس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن شامل ہے وہ جو سالوں سے اس ملک پر حکمرانی کررہا ہے،دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے،پی ٹی آئی نے اس موجودہ حالات اور تکلیف میں دعوت دی،ہم اس دعوت کو قبول کرتے ہیں اور عمران خان کی تحریک میں شامل ہوتے ہیں۔
گل نصیب خان نے کہا ہم پوری دل کی گہرائی کے ساتھ اس تحریک کو چلائیں گے، اس تحریک کو مزید آگے بڑھانے کیلیے کام کرینگے،قوم کیلیے جلد خوشخبری آئے گی۔
پاکستان تحریک انصاف نے عوامی رابطہ مہم مزید تیز کردی ہے،آج دوپہر دو بجے ایبٹ آباد کالج گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا، سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،ساٹھ فٹ لمبا اور بیس فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیاہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سمیٹ پارٹی کے مرکزی صوبائی اور مقامی قائدین خطاب کریں گے۔