جھنگ کی رہائشی طالبہ کے اغوا کا ڈراپ سین، خود ہی ڈرامہ رچایا ؟

punjab-police-student-drama.jpg


جھنگ کے علاقے گڑھ مہاراجہ کی رہائشی نوجوان طالبہ رخسانہ کے اغوا کا ڈراپ سین ہو گیا، پولیس تحقیقات میں پتہ چلا کہ رخسانہ نے اپنی سہیلی کے ساتھ مل کر اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا۔

پولیس کے مطابق رخسانہ جھنگ کی رہائشی ہے جو کہ ملتان میں پڑھتی ہے، طالبہ نے اپنے اغوا کا ڈرامہ کیا اور رقم بٹورنے کیلئے اپنے گھر والوں کو ویڈیوز اور تصاویر بھیج کر کروڑوں روپے کے تاوان کا بھی مطالبہ کر دیا۔

پولیس کو اغوا برائے تاوان کی شکایت موصول ہوئی تو تحقیقات کا آغاز کیا گیا تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ طالبہ نے خود ساری پلاننگ کی اور اندوہناک اور کرب میں مبتلا صورتحال پر مبنی تصاویر اور ویڈیوز گھر والوں کو بھیجی گئیں جن میں چیخ وپکار کی جا رہی تھی۔

https://twitter.com/x/status/1607959048757936129
ڈی پی او جھنگ راشد ہدایت کے مطابق رخسانہ ایوب کو اس کی سہیلی سعدیہ کاظم کے ساتھ خانیوال سے بازیاب کیا گیا ہے۔ جبکہ اس سارے منصوبے میں ملوث ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ پیسوں کیلئے بچے والدین سے اس طرح کی گیم کھیلتے ہیں۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دونوں طالبات کو بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے اور کیس کو مزید قانونی پہلوؤں سے تحقیقات مکمل کرنے کیلئے آگے بڑھا دیا گیا ہے۔