خاتون کو ہراساں کرنے پر پی آئی اے جنرل منیجر کی نوکری سے برطرفی

PIA-mng-job-lt.jpg


پی آئی اے کی خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنے کے معاملے پر محتسب اعلیٰ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اہم فیصلہ سنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے جنرل منیجر (جی ایم) کو ایک خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنے پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی خاتون ملازمہ عالیہ ظفر کی شکایت پر محتسب اعلیٰ نے جی ایم پی آئی اے سیکورٹی امجد کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔

محتسب اعلیٰ نے پی آئی اے کی خاتون ملازمہ کی شکایت پر کیس سننے کے بعد جی ایم پی آئی اے امجد کو ملازمت سے برطرف کرنے کا فیصلہ سنادیا۔

محتسب اعلی احسان جتوئی نے درخواست پر شواہد جانچنے کے بعد جی ایم پی آئی اے امجد کو برطرفی کا فیصلہ دیا، مذکورہ خاتون ملازم عالیہ
ظفر پی آئی اے شعبہ ویجلنس اینڈ سیکورٹی میں تعینات تھی۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے کہا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ قومی ائیر لائن کی کسی بھی خواتین ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کی شکایات پر فوری کا ازالہ کرے گی۔