
پاکستان نے کراچی کے اسپتال میں انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے زیر علاج ہونے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہر بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ اور الزام تراشیاں کرتا رہا ہے، بھارت نے ای یو ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا اور یہ خبریں پھیلائیں کہ داؤد ابراہیم کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی ایسی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی پر تشویش ہے، بھارت جنوبی ایشیاء کے سوا پوری دنیا میں دہشتگردی میں ملوث ہے، کلبھوشن بھی پاکستان میں تخریبی کاررروائیوں اور جاسوسی میں ملوث ہونے کی وجہ سے گرفتار ہوا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان اور کالعدم تنظیم میں کوئی بات چیت نہیں ہورہی، ہماری ساری توجہ دہشتگر گروہوں کے خلاف ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے پاس جدید ترین اسلحہ ہے، ایسا اسلحہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پر پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے، پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کو روکے، امید ہے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، پاکستان نے یہ معاملہ سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اس وقت سرکاری دورے پر امریکہ میں موجود ہیں، آرمی چیف نےاس موقع پر اہم ملاقاتیں کیں اور دفاعی معاملات کے فروغ سے متعلق بات چیت کی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/daoowwh1i12h1.jpg