
تینوں سفاک ملزمان ساتھیوں کی مدد سے فرار ہو گئے تھے جس پر پولیس نے تعاقب کر کے گرفتار کرنے کی کوشش کی: پولیس
تھانہ اروپ، لدھے والا وڑائچ اور تتلے عالی میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران ڈکیتی کی 4 وارداتوں کے دوران خواتین سے ریپ کرنے والے 3 سفاک ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
تینوں ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران خواتین سے زیادتیاں کرتے تھے، ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران ملزمان نے جن میں 2 سگے بھائی ہیں نے ماں، بیٹی سے اجتماعی زیادتی کی تھی۔ گوجرانولہ پولیس نے گزشتہ دنوں تینوں ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
https://twitter.com/x/status/1631398357158576128
ڈکیتی کےد وران خواتین سے زیادتی کے واقعات سامنے آنے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لے کر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سی پی او گوجرانوالہ اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سفاک ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جس پر آئی جی پنجاب نے پولیس ٹیم کو شاباش دی تھی۔
گوجرانوالہ پولیس کے مطابق آج تینوں سفاک ملزمان اپنے ساتھیوں کی مدد سے فرار ہو گئے تھے جس پر پولیس نے تعاقب کر کے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ پولیس پر ملزمان کی طرف سے فائرنگ شروع کر دی گئی اور جوابی فائرنگ میں تینوں ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں۔ ضابطے کی کارروائی کیلئے ملزمان کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ ملزمان نے پہلی بار 26 فروری کو ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کی تھی جبکہ 3 مارچ کو پھر ماں اور بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پہلی مقدمہ زیادتی کے شکار خاندن کے سربراہ پیر بخش کی مدعیت میں جبکہ دوسرا مقدمہ ہمسائے عبدالرشید کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ماں، بیٹی سے باپ کے سامنے زیادتی کی تھی۔