
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ پانچ روز کے دوران کیے گئے آپریشنز میں 43 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر کی گئیں اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر ایک بڑا آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں چھ خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ مزید بتایا گیا کہ 9 دسمبر 2024 سے اب تک خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
بلوچستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے 13 دسمبر کو موسیٰ خیل اور پنجگور اضلاع میں دو مختلف آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔ ان آپریشنز کے نتیجے میں 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں مکمل امن بحال اور دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب پاکستان کو دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔ اسلام آباد کے تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز (پِپس) کے حالیہ ’ماہانہ سیکیورٹی ریویو آف پاکستان‘ کے مطابق، نومبر 2024 میں ملک میں 61 دہشت گرد حملے ہوئے، جو پچھلے مہینے کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہیں۔ ان حملوں میں اموات کی تعداد بھی 69 فیصد بڑھ کر 100 سے 169 ہو گئی، جب کہ 225 افراد زخمی ہوئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5pakista shhskdhhd.png