عالمی بینک نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کا مطالبہ کر دیا

wodla1h1h1.jpg


گیس اور بجلی کی قیمتوں سے پریشان عوام کیلئے ایک اور بری خبر، عالمی بینک نے گیس و بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کی طرف سے پاکستان ڈویلپمنٹ اپڈیٹ میں پنشن اصلاحات پر مرکزی وصوبائی پبلک سیکٹر میں ملازمین کی پنشن کے باعث پیدا ہونے والا مالیتی بوجھ کم کرنے کے لیے فوری طور پر نئی اصلاحات کو متعارف کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ منصوبہ تیار کر کے اسے نافذ کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے مطالبہ کیا ہے کہ مالی استحکام طویل مدت کے لیے یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، اصلاحاتی منصوبے کے تحت پبلک سیکٹر میں معاوضے معقول بنانے کیلئے ابتدائی اقدامات کیے جائیں۔ گیس اور بجلی سیکٹر میں نرخوں بارے اصلاحات رسدی لاگت کیساتھ منسلک رکھا جائے تاکہ بڑھتا گردشی قرضہ محدود کر کے غریبوں کو سماجی تحفظ دیا جا سکے۔

عالمی بینک کی طرف سے انکم ٹیکس ریونیو اصلاحات پر غیرتنخواہ دار اور تنخواہ دار ملازمین کے لیے سکیمیں ترتیب دے کر پیچیدگی کم کرنے کیلئے ذاتی انکم ٹیکس نظام میں بھی اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


عالمی بینک نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقے کی مراعات ختم کر کے ایکویٹی بڑھانے کیلئے مخصوص آمدنی کے ذرائع بڑھائے جائیں اور قابل ٹیکس آمدنی ذرائع میں شرح کے ڈھانچے کو ہم آہنگ کر کے ذاتی انکم ٹیکس نظام میں اصلاحات کی جائیں۔

عالمی بینک کی طرف سے تجویز دی گئی ہے کہ سماجی طور پر تمباکو سمیت انسانی صحت کیلئے نقصان دہ اشیاء پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔


علاوہ ازیں عالمی بینک نے توانائی مصنوعات، ٹیلی کمیونی کیشن، مالیاتی خدمات ودیگر کی کھپت پر ذاتی انکم ٹیکس اور ودہولڈنگ چارجز کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ملک کے کمزور اور غریب گھرانوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے۔