
عراق میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یہ انکشاف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس میں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹر عطاء الرحمان کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس ہوا جس میں حج 2024 کیلئے کیے جانے والے انتظامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین کمیٹی عطاء الرحمان نے انکشاف کیا کہ 50 ہزار پاکستانی زائرین عراق جاکر غائب ہوگئے ہیں، اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں کہ ان زائرین کا تعلق کون سے شہروں سے تھا اور یہ افراد کتنے عرصے سے عراق میں غائب ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر امور چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ عراقی سفیر سے ملاقات میں معلوم ہوا کہ عراق کی حکومت زیارات کیلئے مفت ویزوں کا اجراء کرتی ہے مگر ٹور آپریٹرز زائرین سے ویزہ فیس کی مد میں بھی 80 سے 90 ڈالر وصول کرلیتے ہیں، صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی کچھ معاملات ہیں اگر ان کو ساتھ ملایا جائے تو نمایاں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطاء الرحمان نے اس معاملے کو صوبائی حکومتوں اور چیف سیکرٹریز کے ساتھ اٹھانے کی ہدایات دیدی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/iraqah1h12.jpg