
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کا کیس فوجی عدالت میں بھیجنے کا فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور ملک کی موجودہ سیاسی اور قانونی صورتحال پر کھل کر بات کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے کور ٹ مارشل یا ان کا کیس سول یا فوجی عدالت میں چلائے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ میرا دائرہ اختیار نہیں ہے، تاہم اگر ضرورت پڑی تو عمران خان کے کیس کو فوجی عدالت میں منتقل کرنے کا فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت کسی بھی سرپرائز قانون سازی کا ارادہ نہیں رکھتی ہے، جوائنٹ سیشن میں کوئی آئینی ترمیم نہیں ہوسکتی نا ہی کوئی نیا ترمیمی بل لایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ارکان کے سینکڑوں کی تعداد میں بل پہلے سے موجود ہیں، کسی رکن اسمبلی کے نجی بل کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر قانون کا چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال کے جواب پر کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع ہوگی یا نہیں اس کا فیصلہ میں نے نہیں کرنا، تاہم اس حوالے سے فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/azamnah112345.jpg