مشیر زراعت سندھ منظور وسان جو کہ اپنے خوابوں اور پیشگوئیوں کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں انہوں نے ایک نئی پیشگوئی کی ہے کہ 23 اور 24 مارچ کے بعد ق لیگ اور ایم کیو ایم حکومت سے الگ ہوکر اپوزیشن میں آنے کا اعلان کریں گی۔
منظور وسان نے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ 28 مارچ سے پہلے عمران خان کے دن پورے ہونے والے ہیں اور ان کو جیل بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، عمران خان کو اڈیالا جیل یا تو پھر خیرپور سینٹرل جیل میں رکھا جائے گا۔
منظور وسان نے کہا کہ عوام، اپوزیشن اور اتحادیوں کا پہلا ہدف عمران خان کو ہٹانا ہے، ہوسکتا ہے کہ عدم اعتماد کے بعد کیئر ٹیکر حکومت بنے، شہباز وزیراعظم ہوں گے اور پھر عام انتخابات کروائیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس دیر سے بلوانے سے واضح ہو گیا ہے کہ عمران خان نے شکست تسلیم کرلی ہے اور اب ان کا کھیل ختم ہوچکا ہے، حلوہ تیار پڑا ہے دیکھتے ہیں کھاتا کون ہے، مولوی کا بھی زور ہے اور ہم بھی تیار ہیں۔
مشیر زراعت سندھ نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ جنوری، فروری اور مارچ یہ تین ماہ میں کھچڑی پکے گی، اب صورتحال سب کے سامنے ہے۔
یاد رہے کہ اب سے چند روز قبل بھی منظور وسان نے حکومت کے جانے سے متعلق خواب دیکھا تھا اور پیش گوئی کی تھی کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ سے قبل ہی کوئی بڑا فیصلہ آجائے گا، عمران خان بائے بائے کرتے نظر آرہے ہیں۔