بنی گالہ کی سیکیورٹی ہٹانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے تاکہ عمران خان کو قتل کیا جاسکے، عارف حمید بھٹی کا تہلکہ خیز انکشاف
سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کی سیکیورٹی واپس لینے پر غور ہورہا ہے تاکہ انہیں قتل کروایا جاسکے۔
عارف حمید بھٹی نے یہ انکشاف جی این این کے پروگرام خبر ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ بنی گالہ کی سیکیورٹی واپس لی جارہی ہے کہ عمران خان کو قتل کردیا جائے، حکومت نے سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آرڈر بھی جاری ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ جب رجیم چینج کرواتا ہے تو اس لیڈر کی زندگی کے پیچھے پڑجاتا ہے، آج ایجنسیاں عمران خان کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ آپ کی زندگی کو خطرہ ہے آپ جلسے اور جلوسوں میں نا جائیں، اور یہ حکومت عمران خان کو بطور سابق وزیراعظم ملنے والی سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کررہی ہے۔
عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ابھی عمران خان نے لانگ مارچ کااعلان بھی نہیں کیا وفاق نے سندھ سے کہا ہے کہ جتنے ایکسپائر آنسو گیس کے شیل ہیں ، ربڑکی گولیاں ہیں، اور بندوقیں دیدیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان سے اسلحہ منگوایا جارہا ہے کہ پنجاب اسے انہیں سڑکوں پر نہیں نکلنے دینا، جن لوگوں نے 25 مئی کو زیادہ شیلنگ کی، تحریک انصاف کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے انہیں حکومت کی جانب سے میڈلز دیئے جارہے ہیں۔